وائرل ویڈیو: نوجوان مچھیرا لانگ جمپ کی تربیت کے لیے منتخب

سندھ کے21  سالہ آصف مگسی نامی نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کو پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے تربیت اور تمام سہولیات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آصف مگسی نے گیارہ موٹر سائیکلوں پر سے چھلانگ لگائی (سکرین گریب)

گیارہ موٹر سائیکلوں پر سے لمبی چھلانگ لگانے والے سندھ کے21  سالہ آصف مگسی نامی نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کو پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے تربیت اور تمام سہولیات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ آصف نے ان موٹر سائیکلوں کے اوپر تقریباً سات میٹر لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ قابل توجہ بات یہ ہے کہ مگسی کا چھلانگ لگانے کا انداز کافی منفرد اور عالمی سطح کے جمپرز کے مقابلے کا ہے۔

’میں نے ان کی باقی ویڈیوز بھی دیکھ لی ہیں۔ بغیر کسی تربیت کے انہوں نے ہر بار عام جوتوں سے چھلانگ کے بعد پاؤں زمین پر سیدھا رکھنے کی کوشش کی ہے۔ جیسے انسان زمین پر کھڑا ہونے کی کوشش کرتا ہو۔ دراصل یہ سٹائل عالمی سطح کے تربیت یافتہ کھلاڑیوں کا ہے۔ جب کہ آصف فی الحال اتھلیٹکس کی دنیا میں ایک خام ٹیلنٹ ہیں۔‘

جنرل اکرم ساہی نے مزید کہا کہ وہ آصف کو ٹھٹہ سے جلد لاہور تربیت کے لیے بلائیں گے۔ اس دوران انہوں نے کھلاڑی کو تنبیہ کی کہ جب تک وہ لاہور نہیں پہنچ پاتے تب تک کسی قسم کے مزید سٹنٹ (کرتب) کرنے سے گریز کریں۔

جب انڈپینڈنٹ اردو نے آصف مگسی سے ٹیلیفون پر بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ مختلف ٹی وی چینلز کے ساتھ انٹرویوز میں مصروف ہیں۔ ایک ہفتے پہلے تک آصف ایک عام ٹک ٹاک استعمال کرنے والا لڑکا تھا لیکن ان کو معلوم نہیں تھا کہ قسمت ان پر بہت جلد مہربان ہونے والی ہے۔

’میں نے ایک ہفتے پہلے اس خیال سے سٹنٹ کیا تھا کہ شاید کسی دن اولپمک کھیلوں کے لیے منتخب ہو جاؤں۔ لیکن آج خدا جانے کیسے مجھے اچانک موبائل پر کالز موصول ہونے لگیں کہ میں مشہور ہوگیا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مگسی کا کہنا ہے کہ ان کو پاکستان فوج میں جانے کا شوق تھا لیکن گھر کے خراب مالی حالات کی وجہ سے وہ آٹھویں کے بعد پڑھ نہیں پائے۔

’میں ایک فش فارم پر مچھلیاں بیچنے کا کام کرتا تھا۔ دن کے وقت یوں ہی تالاب کے اوپر چھلانگیں لگاتا رہتا تھا۔ اس کے بعد شوق بڑھتا گیا اور میں بڑی سے بڑی چھلانگ لگانے کا چیلنج قبول کرتا گیا۔‘

آصف کا کہنا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں اور ایک بیٹی کے باپ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شروع سے خواہش ہے کہ وہ پاکستان کا نام روشن کریں۔

سوشل میڈیا پر آصف مگسی کی ویڈیو پر بعض صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمپ چار میٹر سے زیادہ نہیں ہے جس کو عام سکول کے بچے بھی باآسانی کر لیتے ہیں۔ تاہم پاکستان اتھلیٹیکس فیڈریشن کے صدر اکرم ساہی نے بتایا کہ وہ خود ایک اتھلیٹ رہ چکے ہیں اور موٹر سائیکلوں کی تعداد اور ان کے درمیان فاصلے کو دیکھتے ہوئے یہ تقریباً سات میٹر لمبی چھلانگ ہے جس کو مزید تربیت کے بعد عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے مدمقابل لایا جاسکتا ہے۔

لانگ جمپ لگانے والے نوجوان کی ویڈیو عوامی سوشل ایپ ٹک ٹاک سے مشہور ہوئی ہے جس پر پاکستان میں حال ہی میں پابندی لگانے پر بحث مباحثے ہوئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں ایسی ایپس پر پابندی لگا کر بظاہر بےحیائی کی روک تھام کی بات ہوتی ہے وہیں اس سے اصل ٹیلنٹ دکھانے والے لوگوں کا راستہ بھی بند ہونے کا خدشہ ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ابھرتے ستارے