سندھ کے تالپور حکمرانوں کا تعمیر کردہ کوٹ ڈیجی قلعہ کس حال میں ہے؟

محکمہ ثقافت سندھ کے صوبائی وزیر سردار شاہ کے مطابق حکومت نے قلعے کی مرمت کا کام شروع کیا جس میں سے ایک سکیم جلد مکمل ہونے والی ہے۔

سندھ کے موجودہ ضلع خیرپور میرس کے صحرائی علاقے نارا کے سنگم پر تعمیر تاریخی قلعہ کوٹ ڈیجی، ریاست خیرپور کے شاہی خاندان کے دبدبے اور شاہانہ انداز کی گواہی دیتا ہے۔

محکمہ ثقافت سندھ کے صوبائی وزیر سردار شاہ کے مطابق خیرپور ریاست کے پہلے حکمران میر سہراب خان تالپور نے یہ قلعہ تعمیر کرایا تھا۔ اس کی تعمیر کا کام 1785 میں شروع ہوا اور 1795 میں ختم ہوا۔ اسے ایک ایرانی فن تعمیر کے ماہر انجینئر نے  ڈیزائن کیا اس کی جبکہ تعمیر کی نگرانی خیرپور ریاست کے تعمیر کے وزیر سرائی محمد صالح زہری نے کی تھی۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے، سردار شاہ نے بتایا: 'اٹھارویں ترمیم سے پہلے آرکیالوجی وفاقی محکمہ تھا، اس وقت وفاق نے کوئی کام نہیں کروائے اور سندھ کے آثار قدیمہ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ مگر اب ہم (سندھ حکومت) نے قلعے کی مرمت کا کام شروع کیا جس میں سے ایک سکیم جلد مکمل ہونے والی ہے ۔ ہم نے اپنے محدود وسائل سے قلعے کو بحال کرنے کی کوشش کی مگر اتنے بڑے قلعے کو مکمل بحال کرنے کے لیے بہت سے وسائل درکار ہیں۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک اعشاریہ آٹھ مربع کلومیٹر پر بنے اس تاریخی قلعے میں پچاس چھوٹے بڑے بُرج بنے ہوئے ہیں۔ ان میں سے سفید رنگ کا فتح ٹھل یا برج بھی شامل جسے بقول کوٹ ڈیجی قلعے کے ٹور گائیڈ بلال خان سولنگی وکٹری ٹاور بھی کہا جاتا ہے جس پر تالپور حکمرانوں کا سرکاری جھنڈا لگایا جاتا تھا۔

اس کے علاوہ ایک اور برج مریم ٹھل بھی ہے جہاں پرتگال سے منگوائی گئی مریم توپ رکھی ہوتی تھی جو اس وقت خیرپور میرس شہر میں پولیس لائن کے سامنے یادگار کے طور پر رکھی ہوئی ہے۔

سردار شاہ کے مطابق ایک اور اونچا بُرج فتح بُرج ہے جو پچاس فٹ لمبا ہے جہاں تالپور حکمرانوں کے سپہ سالار کی رہائش گاہ تھی۔ جبکہ قلعے کے مشرقی حصے کی طرف لے جانے کے لیے استعمال ہونے والا ایک برج جس کا منہ بھارتی صحرائی ریاست راجستھان کے جیسلمیر کی طرف رکھا گیا ہے اس نسبت سے اسے جیسلمیر ٹھل برج پکارا جاتا ہے۔

 خیرپور ریاست کے تالپور حکمرانوں کے وارث میر مہدی رضا تالپور نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: 'خیرپور ریاست کے پہلے سربراہ میر سہراب خان تالپور نے تین قلعے تعمیر کرائے تھے جن میں ایک قلعہ احمدآباد تھا جسے آج کوٹ ڈیجی کے نام سے پکارا جاتا ہے، اس کے علاوہ دو قلعے سرحد کے اس پار بھارتی شہروں جودھ پور اور جیسلمیر میں راجستھان کے صحرا میں آج بھی موجود ہیں۔'

کوٹ ڈیجی کے تاریخی قلعے کے باہر کوٹ ڈیجی کا شہر آباد ہے اور یہ انتظامی لحاظ سے ضلع خیرپور میرس کی ایک تحصیل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی تاریخ