سعودی عرب کے علاقے قصیم کے شہر عنیزہ میں سالانہ کھجور میلہ جاری ہے، جس میں بہترین اور اعلیٰ کھجوروں کی فروخت کے لیے ملک بھر کے بڑے تاجر مدعو ہیں۔
میلے میں کامیاب بولی لگانے والے تاجر بعد میں یہ کھجوریں پوری دنیا میں برآمد کر سکیں گے۔ عنیزہ ایوان صنعت و تجارت کے زیر اہتمام 22 جولائی سے شروع ہونے والا یہ میلہ چند ہزار مربع میٹر پر پھیلے ایک میدان میں ایک مہینے تک سجا رہے گا۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حکومت نے کرونا (کورونا) وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سفری پابندیاں لگائی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے رواں سال خلیج اور علاقے کے دوسرے ملکوں سے کھجوروں کے تاجر نہیں آ سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
قصیم میں واقع بڑے بڑے فارموں میں کھجور کے لاکھوں درخت لگے ہوئے ہیں جبکہ نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے مطابق ملک میں کھجور کے دو کروڑ 85 لاکھ سے زیادہ درخت ہیں۔
منتظمین کے مطابق میلے میں تقریباً سات لاکھ ٹن کھجوریں نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔ سعودی عرب تیل برآمد کرنے والا دنیا کا چوٹی کا ملک ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ دنیا بھر میں کھجوریں پیدا کرنے والے تین بڑے ملکوں میں سے ایک ہے۔
ایس پی اے کے مطابق2017 میں سعودی عرب نے 70 کروڑ ریال (18 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز) مالیت کی ایک لاکھ 40 ہزار ٹن کھجوریں برآمد کیں۔