بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

ہیک ہونے کے بعد وزیر اعظم مودی کی ذاتی ویب سائٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھیجی گئیں ٹویٹس میں کرپٹوکرنسی کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کے امدادی فنڈ میں رقم بھیجنے کی اپیل کی گئی۔

وزیراعظم کے دفتر نے نریندر مودی کے اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ٹویٹس پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا(فائل تصویر: اے ایف پی)

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے جمعرات کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائٹ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہیک ہونے کے بعد وزیر اعظم مودی کے اکاؤنٹ سے بھیجی گئی ٹویٹس میں کرپٹوکرنسی کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کے امدادی فنڈ میں رقم بھیجنے کی اپیل کی گئی۔

ٹوئٹر کے ترجمان نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا: ’ہم اس (ہیکنگ کی) سرگرمی سے واقف ہیں اور متاثرہ اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ہم اس صورت حال کی تیزی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔‘

ٹیکنالوجی فرم نے کہا ہے کہ وہ مزید اکاؤنٹس کے متاثر ہونے سے لاعلم ہیں۔

اس سے قبل جولائی میں سابق امریکی صدر براک اوباما اور ارب پتی شخصیات بل گیٹس اور ایلون مسک سمیت درجنوں اہم شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیک کرلیے گئے تھے اور وہاں سے بھی بٹ کوائن ٹرانسفر کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

کمپنی نے بتایا تھا کہ اس کیس میں 45 ہائی پروفائل اکاؤنٹس سے جعلی ٹویٹس بھیجی گئیں اور ہیکرز نے 36 اکاؤنٹس سے نجی پیغامات تک رسائی حاصل کی اور سات سے ٹوئٹر ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کیا۔

ٹوئٹر کے مطابق ہیکرز نے مٹھی بھر ملازمین کی اسناد کا استعمال کرتے ہوئے دھوکہ دے کر سسٹنم تک رسائی حاصل کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹوئٹر نے کہا کہ کمپنی کو مودی کے اکاؤنٹ کی ہیکنگ اور جولائی میں ہونے والی سرگرمیوں کے درمیان کوئی ربط نہیں ملا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر نے نریندر مودی کے اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ٹویٹس پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اکاؤنٹ سے ’پرائم منسٹرز نیشنل ریلیف فنڈ‘ میں عطیہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی تاہم بعد میں ان ٹویٹس کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا۔

مودی کی ذاتی ویب سائٹ https://www.narendramodi.in کے اس اکاؤنٹ پر 25 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

یہ نریندر مودی کی موبائل ایپلیکیشن کا آفیشل ٹوئٹر ہینڈل بھی ہے۔

تاہم  وزیراعظم مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ، جس پر ان کے چھ کروڑ سے زیادہ فالوورز ہیں، وہ اس حملے سے متاثر نہیں ہوا۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا