’کیوں کہ نواز شریف کے مطابق وہ ہر فن مولا ہیں‘

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’آدھے میزائل تو ماشااللہ میں نے تیار کروائے ہیں اور یہ جو ٹوماہاک (میزائل) ہے وہ بھی نواز شریف نے بنوایا تھا۔‘

2

نواز شریف کے اس بیان کے بعد ٹوئٹر پر خاص کر حکمران جماعت اور اس کے حامیوں کی جانب سے ان پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے (تصویر: فرید قریشی، ٹوئٹر/سکرین گریب)

سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاکستان کے پاس موجود میزائلز کے حوالے سے بیان پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور الزام لگایا جا رہا ہے کہ وہ ریاستی راز ’افشا‘ کر رہے ہیں۔

گذشتہ رات لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’آدھے میزائل تو ماشااللہ میں نے تیار کروائے ہیں اور یہ جو ٹوماہاک (میزائل) ہے وہ بھی نواز شریف نے بنوایا تھا۔ وہ ہم بلوچستان سے لے کر آئے تھے جب کلنٹن نے افغانستان پر راکٹ چلائے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ان میزائلوں میں سے  ایک ثابت مل گیا۔ اس کو ہم لے کر آئے اور اس کی بیک انجینیئرنگ (ریورس انجینیئرنگ) ہوئی، ہم نے اس کو بنا دیا۔ یار کوئی چھوٹی موٹی خدمات نہیں ہیں ہماری اور ہمیں فخر ہے کہ ہم نے یہ خدمت کی ہے۔‘

نواز شریف کی بات کے دوران ہی سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ان کی تصحیح کی کہ میزائل ٹوماہاک نہیں کروز تھے، جس پر نواز شریف نے دہرایا کہ وہ کروز میزائل کی بات کر رہے ہیں۔

ان کے اس بیان کے بعد ٹوئٹر پر خاص کر حکمران جماعت اور اس کے حامیوں کی جانب سے ان پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی نواز شریف کے اس بیان پر تنقید کی گئی ہے۔

ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’نواز شریف کی طرف سے یہ عمل شرمناک ہے۔ نواز شریف بدقسمتی سے تین دفعہ وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ بظاہر نواز شریف ریاستی راز لیک کر رہے ہیں۔ نواز شریف این آر او کے لیے کچھ بھی کریں گے۔‘

نواز شریف کے بیان کا تناظر:

نواز شریف سے لندن میں صحافیوں نے ان سے پاکستان فوج کے حوالے سے سوال پوچھا تھا جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان فوج میں چند عناصر کے خلاف ہیں جب کہ دیگر جوانوں اور ملک کے لیے جان دینے والوں کو وہ سلام پیش کرتے ہیں اور انہوں نے خود پاکستان فوج کے لیے بہت کچھ کیا۔

تجزیہ کار امتیاز گل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’اگر نواز شریف کے بیان کی آڈیو کو کاٹا نہیں گیا تو سوال یہ ہے کہ کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور دیگر ادارے کیا کرتے رہے ہیں کیوں کہ نواز شریف کے مطابق وہ ہر فن مولا ہیں۔‘

ایک ٹوئٹر صارف عاصم سلیم کا طنزاً کہنا تھا کہ ’بہت سے لوگ نواز شریف کے دعویٰ کا مذاق اڑا رہے ہیں کہ انہوں نے امریکی ٹوماہاک میزائل بنایا مگر مذاق اڑانے والے یہ نہیں دیکھ پا رہے کہ نواز شریف ریاستی راز فاش کر کے اسٹیبلشمنٹ کو ’دھمکی‘ دے رہے ہیں۔‘

ٹوماہاک اور کروز میزائل میں فرق:

بنیادی طور پر ٹوماہاک اور کروز میزائل میں فرق نہیں ہے کیوں کہ ٹوماہاک بھی کروز میزائل کی ایک قسم ہے۔

ٹوماہاک میزائل امریکہ کی تخلیق ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ وہ سب سونک (آواز کی رفتار سے کم) رفتار پر سفر کرتا ہے۔

پاکستان کے پاس ابھی تک کی عوامی معلومات کے مطابق ٹوماہاک میزائلز موجود نہیں ہیں۔ سینٹر فار سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے مطابق پاکستان کے پاس مختلف قسم کے میزائل ہیں جن میں بیلسٹک اور کروز میزائل سرفہرست ہیں۔ حتف 7 بابر اور حتف 8 راعد کروز میزائل پاکستان کے پاس ہیں جن کی رینج 350 سے 700 کلومیٹر تک ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ