ہیپاٹائٹس سی وائرس دریافت کرنے والے سائنس دانوں کے لیے نوبیل

امریکہ کے ہاروے آلٹر، چارلس رائس اور برطانیہ کے مائیکل ہاؤٹن کو یہ انعام ہیپاٹائٹس سی کے خلاف لڑائی میں فیصلہ کن کردار پر دیا گیا: جیوری۔

(دائیں سے بائیں) چارلس رائس، مائیکل ہاؤٹن اور ہاروے آلٹر (تصویرنوبیل پرائز ویب سائٹ)

دو امریکی اور ایک برطانوی سائنسدان نے طب کے  شعبے میں نوبیل انعام مشترکہ طور پر جیت لیا ہے۔ انہیں یہ انعام ہیپاٹائٹس سی وائرس دریافت کرنے پر دیا گیا ہے۔

نوبیل جیوری انعام جیتنے والوں میں امریکہ کے ہاروے آلٹر اور چارلس رائس جبکہ برطانیہ کے مائیکل ہاؤٹن شامل ہیں۔ نوبیل جیوری کے مطابق: 'تینوں افراد کو طب کا نوبیل انعام خون کے ذریعے منتقل  ہونے والے ہیپاٹائٹس کے خلاف لڑائی میں ان کے فیصلہ کن کردار پر دیا گیا۔ ہیپاٹائٹس صحت کا عالمی مسئلہ ہے جو دنیا بھر میں لوگوں میں جگر کے سخت ہو جانے اور اس کے سرطان کا سبب بنتا ہے۔'

نوبیل کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی کے وائرس کی دریافت کی بدولت اب وائرس کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے انتہائی حساس میڈیکل ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے۔ 'ان ٹیسٹوں نے دنیا کے بہت سے حصوں میں کسی کے وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اس کی دیگر افراد میں منتقلی کا لازمی طور پر خاتمہ کردیا ہے، جس سے صحت کی عالمی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔ سائنس دانوں کی دریافت سے ہیپاٹائٹس سی کے علاج کے ادویات کی تیاری میں بھی مدد ملی۔'

نوبیل جیوری نے مزید کہا: 'تاریخ میں پہلی بار اب اس بیماری کا علاج کیا جا سکتا ہے جس سے امید پیدا ہو گئی ہے کہ دنیا سے ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہیپاٹائٹس سی وائرس کی دریافت پر ایسے وقت میں انعام دیا جا رہا ہے جب دنیا کرونا (کورونا) وائرس کی وبا کے خلاف لڑ رہی ہے۔

11 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم نوبیل انعام جیتنے والے ان تینوں سائنسدانوں کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔ معمول کے مطابق انہوں نے نوبیل انعام 10 دسمبر کو سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب میں ملک کے سولہویں شاہ کارل گسٹاف سے وصول کرنا تھا، تاہم کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس سال انعام دینے کی تقریب منسوخ کی جا چکی ہے۔ اس کی بجائے نوبیل انعام جیتنے والوں کی طرف سے انعام وصول کرنے کی تقریب ان کے ملکوں میں ٹیلی ویژن پر نشر کی جائے گی۔

10 دسمبر نوبیل انعام کے خالق سائنس دان الفریڈ نوبیل کی برسی کا دن ہے۔ انہوں نے اپنی آخری وصیت میں نوبیل انعام کی خواہش ظاہر کی تھی۔ وہ 1896 میں چل بسے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت