نامعلوم افراد کی فائرنگ، جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل قتل

آئی جی پولیس مشتاق مہر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اس واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھیجی ہے جس کے مطابق ملزمان نے پانچ فائر کر کے مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کو قتل کر دیا۔

(تصویر: سوشل میڈیا)

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور کو قتل کر دیا ہے۔ ان کی نماز جنازہ اتوار کو ادا کی جائے گی۔

فائرنگ کا یہ واقعہ گذشتہ شب تقریباً آٹھ بجے کے قریب کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں پیش آیا جب مولانا عادل خان کی گاڑی شمع شاپنگ پلازہ کے قریب رکی تو موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے مولانا عادل خان کو لیاقت نیشنل ہسپتال جبکہ ان کے ڈرائیور کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد میں لیاقت نیشنل ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر انجم رضوی نے بتایا کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان شدید حالت میں ہسپتال لائے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

دوسری جانب جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق مولانا ڈاکٹر عادل خان کے ڈرائیور مقصود احمد ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ آئی جی پولیس مشتاق مہر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اس واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھیجی ہے، جس کے مطابق ملزمان نے پانچ فائر کیے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عادل خان وفاق المدارس کے سابق سربراہ مولانا سلیم خان کے صاحبزادے اور جامعہ فاروقیہ کے صدر تھے۔ مولاناعادل خان نے دینی علوم میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور کچھ سال قبل وہ اپنے والد مولانا سلیم اللہ خان کے انتقال کے بعد ملائیشیا میں پڑھانے کی غرض سے چلے گئے تھے۔ تاہم کچھ عرصہ قبل ہی وہ واپس کراچی منتقل ہوئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مولانا عادل خان پڑوسی ملک بھارت میں دارالعلوم دیوبند کے طالب علم بھی رہ چکے ہیں۔

دیوبند مسلک کے نامورعالم مولانا عادل خان کے قتل پر وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’آج شام کراچی میں جامعہ فاروقیہ سے وابستہ مولانا عادل فاروقی کی نہایت قابل مذمت ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ ہمارےعلم میں ہے اور میں متعدد مرتبہ ٹی وی پر کہہ چکا ہوں کہ گذشتہ تین ماہ سے بھارت شیعہ/سنی علما کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے ملک بھر میں فرقہ وارانہ تصادم کے لیے کوشاں ہے۔‘

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’گذشتہ چند ماہ کے دوران پیشگی اقدامات کے ذریعے ہم ایسی کئی کوششیں خاک میں ملا چکے ہیں۔ ہمارے سراغ رساں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قتل کے ذمہ داروں کو بھی دبوچ لیں گے۔ تمام مکاتب فکر کےعلما یقینی بنائیں کہ عوام پاکستان کو عدم استحکام میں جھونکنے کی ناپاک بھارتی سازش کے شکار نہ ہو جائیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان