کرونا کیسز میں اضافہ: کراچی، اسلام آباد میں ’منی سمارٹ لاک ڈاؤن‘

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی، اسلام آباد اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں منی سمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کر دیا ہے۔

کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے جی الیون ٹو اور جی سیون تھری کے دو سکول بھی سیل کر دیے گئے ہیں (اے ایف پی)

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی، اسلام آباد اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں منی سمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کر دیا ہے۔

ایسا ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ہفتے اوسط قومی سطح پر پوزیٹیویٹی دو فیصد سے کم رہنے کے بعد پچھلے ہفتے دو فیصد سے زیادہ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’کراچی، اسلام آباد اور کشمیر میں منی سمارٹ لوک ڈاؤن دوبارہ نافذ کر دیا گیا ہے۔‘

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’ملک بھر میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن  ہے۔‘

دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسپیکشن ٹیمیں شادی ہالز، تعلیمی اداروں، کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپوں کے دورے کر رہی ہیں۔

بیان کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر جاری انسپیکشن میں خلاف ورزی پر مختلف کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے یا تو سیل کر دیے گئے ہیں یا ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے جی الیون ٹو اور جی سیون تھری کے دو سکول بھی سیل کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے 32 ریسٹورانٹس کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈی سی اسلام آباد کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اتوار کو 173 مختلف مقامات کی انسپیکشن کی جائے گی۔

اسلام آباد کی انتظامیہ کے مطابق گذشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے مختلف گلیاں سیل کرنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

جس کے بعد کئی سیکٹرز کی مختلف گلیوں میں کیسز سامنے آنے کے بعد انہیں سیل کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق وقت پہ لاک ڈاؤن لگانے سے کرونا کیسز کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

تازہ صورتحال:

پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کل کیسز کی تعداد اس وقت 318932 ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 666 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اب تک اس وائرس سے پاکستان میں کل 6570 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں 12 گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئیں۔

دارالحکومت اسلام آباد میں تصدیق شدہ کیسز کی کل تعداد 17296 ہے جبکہ گذشتہ روز 10 اکتوبر کو 86 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

جبکہ ملک میں سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ سندھ میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 2549 افراد اس وائرس کا شکار ہو کر موت میں منہ میں جا چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت