آئی پی ایل میں دھونی کی فتوحات کی سنچری

انڈین پریمیئر لیگ 2019 میں چنائی سپر کنگز کے کپتان دھونی نے ٹورنامنٹ میں 100 میچز جیتنے کا انوکھا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ 2019 میں چنائی سپر کنگز کے کپتان دھونی نے ٹورنامنٹ میں 100 میچز جیتنے کا انوکھا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔   تصویر: بشکریہ بورڈ آف   کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا

یوں تو مہندرا سنگھ دھونی کبھی اپنے لمبے بالوں اور کبھی اپنے مشہور زمانہ ہیلی کاپٹر شاٹ کی وجہ سے کرکٹ دیوانوں کے پسندیدہ کھلاڑی رہے ہیں، لیکن 11 اپریل 2019 کو وہ ایک ایسا ریکارڈ بھی بنا چکے ہیں جو شاید کسی کھلاڑی کے لیے کبھی توڑنا ممکن نہ ہو۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2019 میں چنائی سپر کنگز کے کپتان دھونی نے ٹورنامنٹ میں 100 میچز جیتنے کا انوکھا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔ ان کی ٹیم اس میچ میں راجھستان رائلز کے خلاف چار وکٹوں سے فاتح رہی۔ اس میچ میں بھی ایم ایس دھونی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 58 رنز اسکور کیے۔

دھونی بطور کپتان سب سے زیادہ میچز جیتنے کے معاملے میں اپنے قریب ترین حریف گوتم گھمبیر سے 29 میچز کے فرق سے آگے ہیں۔

 دھونی آئی پی ایل میں سب سے زیادہ تجربہ کار کپتان تصور کیے جاتے ہیں۔ وہ 152 میچوں میں اپنی ٹیم چنائی سپر کنگز کی قیادت کر چکے ہیں، جن میں سے 95 میچز میں ان کی ٹیم فاتح رہی، اس کے علاوہ 2016 میں وہ بطور کپتان 14 میچز میں رائزنگ پونا سپر جائنٹ کی قیادت بھی کر چکے ہیں اور 5 میچوں میں فتح نے ان کے قدم چومے۔

آئی پی ایل کے 12 ایڈیشنز میں دھونی صرف ایک بار 2016 میں کپتانی سے محرو م رہے جب پونا نے ان کے بجائے آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ کو کپتان مقرر کیا۔ چنائی سپر کنگز کی ٹیم 2016 اور 2017 میں پابندی کی وجہ سے آئی پی ایل سے باہر رہی ہے۔

دھونی نے مجموعی طور پر آئی پی ایل میں 182 میچز کھیلے ہیں اور 40.30 کی اوسط سے 4172 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

آئی پی ایل 2019 میں بھی دھونی اچھی بیٹنگ فارم میں دکھائی دیے۔ وہ چھ میچز میں 156 رنز سکور کر چکے ہیں اور تین موقعوں پر وہ نا قابل شکست رہے ہیں۔

ورلڈ کپ 2019 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی بھارتی ٹیم میں مہندرا سنگھ دھونی بطور وکٹ کیپر شامل کیے گئے ہیں۔اس سے قبل وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2007 اور عالمی کپ 2011 میں فاتح بھارتی ٹیم کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل