خادم رضوی کہاں ہیں؟

تحریک لبیک پاکستان کے ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ مولانا خادم حسین رضوی عرف 'بابا جی' راولپنڈی میں ہی کسی نامعلوم مقام پر موجود ہیں جس کے بارے میں وہ خود بھی نہیں جانتے۔

(فیس بک ۔ تحریک لبیک)

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کے بارے میں افواہیں سامنے آرہی تھیں کہ انہیں گزشتہ رات تحریک کے دھرنے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دوسری اطلاع یہ تھی کہ وہ لاہور میں ہیں اور انہیں ان کے گھر پر نظر بند کر دیا گیا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کے ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ مولانا خادم حسین رضوی عرف 'بابا جی' راولپنڈی میں ہی کسی نامعلوم مقام پر موجود ہیں جس کے بارے میں وہ خود بھی نہیں جانتے۔

ساتھ ہی ساتھ انہوں نے اس بات کی بھی نفی کی کہ انہیں گھر پر نظر بند کیا گیا ہے۔

اس بارے میں حکام کی جانب سے بھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا وہ گرفتار ہیں, حراست میں ہیں یا آزاد ہیں-

ذرائع نے بتایا کہ مولانا خادم حسین رضوی گزشتہ رات کچھ دیر کے لیے دھرنے میں آئے تھے مگر جلد وہاں سے چلے گئے۔ تحریک لبیک پاکستان کے بیشتر کارکنان میڈیا سے کسی قسم کی بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹی ایل پی کے سینکڑوں کارکنان نے فرانس میں توہین رسالت کے خلاف لیاقت باغ راولپنڈی میں دھرنا دیا تھا، ان کا مطالبہ ہے کہ فرانس کے سفیر کو پاکستان سے نکالا جائے۔

لیاقت باغ میں دھرنے کے بعد مظاہرین نے ٹولیوں کی شکل میں راولپنڈی فیض آباد پل کی جانب مارچ کرنا شروع کیا جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

پولیس نے آنسو گیس شیلنگ بھی کی اور ٹی ایل پی ذرائع کے مطابق پولیس نے 200 کے قریب مظاہرین کو گرفتار بھی کیا۔ اسلام آباد میں بارش کے باوجود مظاہرین نے اتوار کی رات فیض آباد پل کے نیچے گزاری۔

ٹی ایل پی کا آگے کا لائحہ عمل کیا ہے اس بارے میں بھی تحریک کے ذرائع فی الحال خاموش ہیں۔ البتہ ٹی ایل پی کے سماجی رابطوں کی سائٹس پر دھرنے کے حوالے سے کچھ تھوڑی بہت اپ ڈیٹس موجود ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ہونے والے جلسوں یا دھرنے کے دوران تھریک لبیک کو فیس بک لائیو کی سہولت میسر رہتی تھی لیکن اس مرتبہ ان کی جانب سے لائیو کوریج بھی نظر نہیں آ رہی جو اپنی جگہ ایک سوال ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان