یو اے ای وزٹ ویزا بند: ’کاروبار پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہے‘

گذشتہ روز یو اے ای نے پاکستان سمیت 11 ممالک کے شہریوں کے لیے وزٹ اور ٹرانزٹ ویزا کے اجرا کو معطل کر دیا جسے پاکستان میں ٹریول ایجنٹ اپنی صنعت کے لیے ایک اور بحران قرار دے رہے ہیں۔

دبئی کا مشہور برج خلیفہ (اے ایف پی)

کرونا (کورونا) وائرس کی وبا سے پہلے ہی متاثر پاکستان میں سیاحت اور اس سے منسلک شعبوں کو بدھ کو ایک اور دھچکا لگا جب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 11 ملکوں کے شہریوں کے لیے وزٹ اور ٹرانزٹ ویزا پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی۔

متحدہ عرب امارت نے پاکستان سمیت 11 دیگر ممالک کے لوگوں کو نئے وزٹ ویزا جاری کرنے کے عمل کو معطل کر دیا ہے جس کی تصدیق وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے ایک بیان میں بدھ کی شام کو کی۔ 

ان کے خیال میں یو اے ای حکومت نے یہ قدم کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیا ہے جس میں دنیا بھر کے ممالک میں ایک بار پھر کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی تصدیق سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے انڈپینڈینٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا: ’ہمیں دبئی حکومت کی جانب سے تحریری طور پر تو کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں لیکن یہ سچ ہے کہ شارجہ اور دبئی نے پاکستانیوں کے لیے نئے ویزوں کا اجراح روک دیا ہے۔ البتہ وہ لوگ جن کے پاس دبئی کا ویزا، چاہے وہ ٹرانزٹ ہو، ورک ویزا یا اقامہ ہے، انہیں دبئی سفر کرنے سے نہیں روکا جائے گا نہ ان کے دبئی میں داخلے پر پابندی ہوگی۔‘

تاہم اس اعلان سے ٹریول ایجنٹس کافی ناخوش ہیں جنہیں اس میں ایک اور بحران ابھرتے دکھ رہا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان ایوب نسیم نے یو اے ای کے ویزے معطل ہونے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا: ’دبئی جانے والے پاکستانیوں کے لیے ویزوں کا اجراح 16 نومبر سے بند کیا گیا ہے. اس سے ٹریول انڈسٹری میں ایک نیا بحران کھڑا ہو گیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ہمارا کاروبار تو پہلے ہی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، 50 فیصد سے زیادہ ایجنٹس اپنے دفتر بند کر چکے ہیں کیونکہ وہ اب ان دفاتر کا خرچہ برداشت نہیں کر پارہے تھے۔ کرونا کے دنوں میں پوری دنیا میں ہمارے پاس ایک ہی ٹریول سٹیشن تھا اور وہ تھا دبئی، جہاں لوگ رلیکس کرنے جارہے تھے. انہوں نے بھی اب غیر معینہ مدت کے لیے ویزا جاری کرنے بند کر دیے ہیں۔ اس سے نہ صرف ٹریول ایجنسیوں کو بلکہ ملکی ائیر لائن کو بھی نقصان ہو گا۔‘

ایوب نسیم کے مطابق پی آئی اے کی ایک پرواز تین سو سے زائد مسافروں کو لے کر جاتی ہے۔

انہوں نے کہا: ’ایک مسافر کا کرایہ 50 سے 70 ہزار روپے تک تھا۔ آپ اس سے نقصان کا اندزاہ لگا سکتے ہیں۔ اس نقصان کا اثر ٹریول ایجنسیوں کی مزید تباہی کا سبب بنے گا۔‘

ایوب نسیم نے کہا: ’ہمارے خیال میں ٹریولنگ کا کاروبار جو 50 فیصد بند ہوگیا ہے وہ مزید خسارے میں چلا جائے گا اور اس کا کوئی مستقبل فی الحال دکھائی ہی نہیں دے رہا۔ سیاحت پوری طرح ختم ہو گئی ہے۔‘

 پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی و نجی ائیر لاینز کو بھی اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے. 

جن ممالک پر وزٹ ویزے کے اجرا کی پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پاکستان سمیت ترکی، ایران، یمن، شام، عراق، صومالیہ، لیبیا، کینیا اور افغانستان شامل ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان