میراڈونا کی میراث: آٹھ بچے، مہنگی تصاویر، لگژری کاریں اور ایک ٹینک

میراڈونا کی تنازعات سے بھرپور زندگی کی طرح ان کی موت کے بعد وراثت کی بڑی خاندان میں تقسیم تنازعےکا سبب بن چکی ہے۔

میراڈونا نے اپنے کیریئر کے دوران اور بعد میں مختلف ٹیموں کے ساتھ معاہدوں اور بڑے برانڈز سے لاکھوں ڈالرز کمائے(اے ایف پی)

فٹ بال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی موت نے پوری دنیا کو افسردہ کر دیا ہے۔ موت کے بعد فٹ بال لیجنڈ کی وراثت میں یاد گار جرسیوں سے لے کر لگژری کاروں، تصویری حقوق اور یہاں تک کہ ایک ٹینک بھی شامل ہے جن کی تقسیم پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

جیسے خود میراڈونا کی زندگی تنازعات سے بھرپور تھی ویسے ہی ان کی موت کے بعد اب وراثت کی تقسیم ان کے بڑے خاندان کے مابین کشیدگی کاباعث بن گئی ہے۔ ان کے چھ پارٹنرز سے آٹھ بچے ان کے اثاثوں کے ساتھ ان کی عظیم میراث کے وارث بھی ہیں۔سابق فٹ بالر کے وکیل ماتیس مورلا کے مطابق دل کے دورے سے وفات پانے والے 60 سالہ میراڈونا کے ارجنٹائن میں چار بچے ہیں جب کہ ایک بچہ اٹلی اور تین کیوبا میں ہیں۔

بیونس آئرس میں مقیم وکیل مارٹن اپولو نے روئٹرز کو بتایا: ’مخصوص حالات میں میراڈونا طلاق یافتہ تھے اور ان کے چھ سابقہ پارٹنرز سے آٹھ بچے ہیں لہٰذا وراثت کے معاملے میں ان کے اثاثوں کو آٹھ حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ یہ ایک نہایت پیچیدہ عمل ہوگا۔‘

وراثت کی تقسیم کا عمل عام حالات میں 90 دن تک جاری رہ سکتا ہے اور یہ ورثا اور قرض دہندگان کے لیے خود کو پیش کرنے کی قانونی مدت بھی ہے۔ تاہم اپولو کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ’اندرونی تنازعات‘ اور موقع پرستوں کی جانب سے ادائیگی کی خواہش کے بہت زیادہ امکانات ہیں جس سے یہ عمل طویل ہوسکتا ہے۔ ’اس قسم کے معاملات میں یہ تنازعات دائمی بھی ہو سکتے ہیں۔‘

ورلڈ کپ چیمپیئن کی وراثت میں جائیدادیں، سپر کاریں، سرمایہ کاری کی رقم ، ہیرے جواہرات اور مختلف ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف بھی شامل ہیں۔میراڈونا نے ارجنٹائن، سپین، اٹلی، متحدہ عرب امارات، بیلاروس اور میکسیکو میں کوچنگ کی تھی۔

میراڈونا جیسے عظیم کھلاڑی کی خوش قسمتی کی کوئی قیمت نہیں۔ تاہم معروف شخصیات کے اثاثوں پر نظر رکھنے والی تنظیم ’ویلتھ ٹریکر سلیبریٹی نیٹ ورتھ‘ کے تخمینے کے مطابق موت کے وقت ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت پانچ لاکھ ڈالرز تھی حالانکہ اپنے کیریئر کے دوران اور بعد میں انہوں نے مختلف ٹیموں کے ساتھ معاہدوں اور پوما اور کوکا کولا جیسے برانڈز سے لاکھوں ڈالرز کمائے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میراڈونا کو دبئی میں دو لگژری کاریں تحفے میں دی گئیں جب کہ بیلا روس نے انہیں پانی میں تیرنے کی صلاحیت رکھنے والا ٹینک تحفے میں دیا تھا۔

ارجنٹائن کے عظیم فٹ بالر کی تصویروں کے حقوق مرنے کے بعد بھی انتہائی مہنگے ہیں۔ اپولو نے کہا: ’اثاثوں کی تقسیم میں سب سے زیادہ مہنگی ان کی تصاویر کے حقوق اور ان کی شرٹس ہوسکتی ہیں۔ ورلڈ کپ کے فائنل میں استعمال ہونے والی ان کی جرسی کی نیلامی سے آپ کتنا کما سکتے ہیں؟

میراڈونا اور ان کا خاندان حالیہ برسوں کے دوران متعدد تنازعات کا شکار رہا جس میں ٹیکس چوری، ضابطے کی دھوکہ دہی اور بطور فٹ بال کھلاڑی 458 اشیا کو غلط استعمال کرنے اور ان کی سابقہ پارٹنر کلاڈیا ولافا کی جانب سے ان کے خلاف مقدمے کی سماعت بھی شامل ہے۔

ان کے خاندان اور بچوں نے حالیہ ہفتوں میں ان کی موت سے قبل متحد ہونے کے بارے میں اپنے عزم کا اظہار کیا تھا۔ میراڈونا کے بھتیجے والٹر ماچوکا نے ارجنٹائن کے میڈیا گروپ ٹی سی سپورٹس کو بتایا کہ اتحاد کی باتیں حالیہ ہفتوں میں اس وقت سامنے آئیں جب وہ دماغ کی سرجری کے بعد صحت یاب ہو رہے تھے۔ ’ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ متحد ہونا پڑے گا۔ امید ہے کہ اب جب وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں، ہم اس اتحاد کو انجام دیں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال