کراچی: کالعدم سپاہ محمد کے زینبیون بریگیڈ کے دو اہم ملزمان گرفتار  

سی ٹی ڈی کے مطابق مولانا یوسف لدھیانوی اور مفتی نظام الدین شامزئی سمیت کئی افراد کے قتل کیس میں مطلوب کالعدم سپاہ محمد کی زینبیون بریگیڈ کے قرار حسین اور کامران حیدر کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق اس کے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا (اے ایف پی فائل)

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے مولانا یوسف لدھیانوی اور مفتی نظام الدین شامزئی سمیت کئی افراد کے قتل کیس میں مطلوب کالعدم سپاہ محمد کے زینبیون بریگیڈ کے دو ملزمان کو کورنگی سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔  

سی ٹی ڈی کی جانب سے بدھ کی شام کو جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا: ’سی ٹی دی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم سپاہ محمد کی زینبیون بریگیڈ کے آغا حسن گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزمان قرار حسین عرف پٹھان اور کامران حیدر عرف کامی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 30 بور پستول، نو ایم ایم پستول برآمد کر لی۔‘

اس میں مزید کہا گیا: ’دونوں ملزمان نے پڑوسی ملک میں جہادی تربیت بشمول بم بارودی اور خودکش جیکٹس بنانے،  اور اینٹی ایئر کرافٹ گن کی بھی تربیت لی ہے۔‘

ان ملزمان پر 2007 سے 2013 کے دوران فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

واضح رہے کہ 1990 کی دہائی میں بننے والی سپاہ محمد پاکستان ایک فرقہ وارانہ تنظیم ہے، جس پر بعد میں پرویز مشرف حکومت نے پابندی عائد کی تھی۔ زینبیون بریگیڈ، سپاہ محمد کا ایک مسلح ملیشیا گروپ ہے۔  

سی ٹی ڈی کے اعلانیے کے مطابق: ’گرفتار ملزم کامران حیدر عرف کامی نے دوران تفتیش جامعہ بنوری ٹاؤن کے شیخ الحدیث مولانا یوسف لدھیانوی کی ٹارگٹ کلنگ کرنے کا انکشاف کیا۔ اس کے علاوہ وہ 2001 میں کشمیر روڈ میں کالعدم سپاہ صحابہ کے جلسے سے واپس جانے والے آٹھ افراد پر شیر شاہ میں فائرنگ کرکے ہلاک کرنے، 2007 میں جماعت اسلامی ملیر کے رہنما واصف عزیز کو ہلاک کرنے کے علاوہ مفتی نظام الدین شامزئی، شیرشاہ میں کالعدم سپاہ صحابہ کے مفتی محمود اور ناظم آباد میں ایک تنظیم کے کیمپ پر فائرنگ میں ملوث ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’ملزم کرار حسین عرف پٹھان پر 2007 میں شاہ فیصل کالونی میں مدثر نامی شہری، شمسی ہسپتال کے قریب ڈاکٹر محبوب، ڈیفنس میں عیسیٰ بلوچ، کھوکھراپار میں دو سگے بھائیوں تنویر اور توصیف،  نیو کراچی میں جماعت اسلامی اور سپاہ صحابہ کے کارکن ایک برگر فروش اور شاہد آٹوز کے مالک کو پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ہلاک کرنے کے الزامات ہیں۔‘

سی ٹی ڈی نے مزید کہا ہے کہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور متعلقہ تھانوں سے مزید مقدمات کی تفصیلات لی جارہی ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان