دپیکا نے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر کے کہا: ’ویلکم ٹو مائے آڈیو ڈائری‘

بالی وڈ سٹار نے 2021 کا آغاز ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر اپنی پوسٹس ڈیلیٹ کرنے اور ایک آڈیو ڈائری شروع کرنے سے کیا ہے۔

دپیکا کے ٹوئٹر پر 27.7 ملین فالوورز ہیں

گذشتہ رات دنیا بھر میں سال 2020 کو الوداع کیا گیا اور نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے مختصر تقاریب منعقد کی گئیں۔ جمعے سے نئے سال کا آغاز ہو گیا ہے اور لوگ مختلف طریقوں سے 2021 کے پہلے دن سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ہر سال کے اختتام اور نئے سال کے آغاز پر کچھ عہد اور ماضی کی تلخیوں کو بھلانے کے عزم کیے جاتے ہیں، مگر بالی وڈ سٹار دپیکا پاڈوکون نے نئے سال کا آغاز کچھ منفرد انداز میں کیا ہے۔

باقی سب کی طرح انہوں نے بھی اپنے چاہنے والوں کو نئے سال کی مبارک باد تو دی  لیکن ساتھ ہی انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر سے گذشتہ تمام پوسٹس اچانک ڈیلیٹ کر دیں۔

دپیکا نے سال 2021 کے پہلے دن کا آغاز ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر اپنی پوسٹس ڈیلیٹ کرنے اور ایک آڈیو ڈائری شروع کرنے سے کیا ہے۔ خیال رہے کہ دپیکا کے ٹوئٹر پر 27.7 ملین اور انسٹا گرام پر 52.5 ملین فالوورز ہیں۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا مگر جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر صارفین کو بس موقع ملنا چاہیے میمز بنانے اور الگ الگ انداز میں اپنے ردعمل دینے کے لیے۔ایسا ہی دپیکا کی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ’صفائی‘ کرنے پر بھی ہو رہا ہے اور مختصر ویڈیوز، میمز اور تصاویر شیئر ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

دپیکا کی پہلی آڈیو ڈائری میں کیا ہے؟

بالی وڈ سٹار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے تمام گذشتہ پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کے بعد ایک آڈیو پیغام پوسٹ کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس آڈیو پیغام، جس پر ’مائے آڈیو ڈائری 001‘ لکھا ہے، کو پوسٹ کرتے ہوئے دپیکا نے لکھا: ’یہ 2021-1-1 ہے! سب کو نیا سال مبارک! آپ کس کے لیے شکرگزار ہیں؟‘

ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دپیکا اب اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر چاہنے والوں کے ساتھ اپنے احساسات، جذبات اور خیالات کا اظہار لکھنے کی بجائے بول کر کریں گی۔ انہوں نے اپنی پہلی آڈیو ڈائری میں کہا: ’ہائی ایوری ون، میری آڈیو ڈائری میں خوش آمدید، جو میرے خیالات اور احساسات کا ریکارڈ ہے۔‘

دپیکا نے مزید کہا: ’مجھے یقین ہے کہ آپ سب میرے ساتھ اتفاق کریں گے کہ 2020 سب کے لیے ہی غیر یقینی سال تھا، لیکن میرے لیے یہ سال شکرگزاری اور موجود رہنے کا سال بھی تھا۔ جہاں تک 2021 کی بات ہے میں اپنے اور سب کے لیے بہتر صحت اور سکون کی دعا کرتی ہوں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل