ترکی: کرپٹو کرنسی کمپنی کے مالک دو ارب ڈالر لے اڑے

ترکی نے سرمایہ کاروں کے دو ارب ڈالر لے کر فرار ہونے والے ایک کرپٹو کرنسی ایکسینج کے بانی کی گرفتاری کے لیے انٹرنیشنل وارنٹ جاری کیا ہے۔

ترکی نے سرمایہ کاروں کے دو ارب ڈالر لے کر فرار ہونے والے ایک کرپٹو کرنسی ایکسینج کے بانی کی گرفتاری کے لیے انٹرنیشنل وارنٹ جاری کیا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ’تھڈیکس‘ نامی کمپنی کے مفرور بانی فاروق فاتح اوزر سے مبینہ رابطوں کے الزام میں پولیس نے چھاپوں کے دوران 62 افراد کو حراست میں لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فاروق فاتح اوزر پر دھوکہ دہی کے لیے انفارمیشن سسٹم، بینکوں یا قرض دینے والے اداروں کو بطور ٹول استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ 

ترک سکیورٹی حکام نے جمعرات کو نامعلوم مقام پر جاتے ہوئے استنبول ہوائی اڈے پر پاسپورٹ کنٹرول سے گزرتے ہوئے اوزر کی ایک تصویر جاری کی تھی۔

سکیورٹی ذرائع نے بعد میں اس بات کی تصدیق کی کہ 27 سالہ اوزر منگل سے ہی البانیہ میں موجود ہیں۔

سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت انصاف نے جمعے کو ان کی گرفتاری اور البانیہ سے ان کی حوالگی کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

ایجنسی نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے البانیہ کے اپنے ہم منصب سے فون پر اس معاملے پر بات کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تھڈیکس ایکسچینج نے بدھ کو ایک پراسرار پیغام پوسٹ کرنے کے بعد کرپٹو کرنسی کی ٹریڈنگ کو معطل کر دیا۔

پیغام میں کہا گیا تھا کہ ایک بیرونی سرمایہ کاری سے ڈیل کرنے کے لیے کمپنی کو پانچ دن درکار ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی جب بند ہوئی تو اس وقت اس کے پاس 391000 سرمایہ کاروں کے کم از کم دو ارب ڈالر موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق 62 مشتبہ افراد کو ترکی کے تجارتی مرکز استنبول سمیت آٹھ شہروں میں بیک وقت چھاپوں میں گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے استنبول میں واقع کمپنی کے صدر دفتر پر چھاپہ مارا اور کمپیوٹر اور ڈیجیٹل مواد قبضے میں لے لیا۔

حکام نے اوزر کے بینک اکاؤنٹس کو بھی عبوری طور پر منجمد کردیا جب کہ پولیس نے مزید 16 افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا