این سی او سی اجلاس: کاروبار دو کی بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ

این سی او سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام سرکاری اور نجی ملازمین کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی جائے گی جبکہ نجی شعبے سے منسلک ملازمین کو 30 جون تک ویکسینیشن کروانا ہوگی۔

یکم مئی 2021 کی اس تصویر میں کراچی کی ایک مارکیٹ میں خواتین خریداری میں مصروف ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا (کورونا) وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے کاروبار ہفتے میں دو دن کی بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم دن کا تعین تمام صوبائی اکائیاں خود کریں گی۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیر صدارت بدھ کو ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں کیا گیا۔

این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسینیشن کے لیے تین کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، جن میں پہلی رضاکارانہ، دوسری لازمی جبکہ تیسری میں ویکسینیشن کروانے والوں کو مراعات دی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا ویکسینیشن سینٹرز 11 جون سے صبح آٹھ بجے سے رات دس بجے تک کھلے رہیں گے، تاہم اس کے بعد اتوار کو بند رہیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جمعے کو ویکسینیشن سینٹرز کو بند رکھا جا رہا ہے۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے 11 جون سے واک ان ویکسینیشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دفاتر میں 50 فیصد حاضری کو بھی واپس 100 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری اور نجی ملازمین کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی جائے گی جبکہ نجی شعبے سے منسلک ملازمین کو 30 جون تک ویکسینیشن کروانا ہوگی۔

اجلاس میں اِن ڈور جمز کو کھولنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم جم آنے والے تمام ارکان کے لیے ویکسینیشن کروانا لازمی ہوگی۔

اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں دو روز کی بندش کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی شرح 50 فیصد سے بڑھا کر 70 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان فیصلوں کا اطلاق 15 جون سے کیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان