مائیکرو سافٹ کے نئے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 11 کے اہم فیچر اور تفصیلات ریلیز ہونے سے قبل انٹرنیٹ پر لیک ہو چکے ہیں۔
مائیکرو سافٹ کمپنی ماضی میں کہتی رہی ہے کہ ونڈوز 10 اس کے آپریٹنگ سسٹم کا آخری ورژن ہو گا اور یہ کہ ونڈوز 10 کی سپورٹ 2025 میں ختم کر دی جائے گی۔
تاہم امید کی جا رہی ہے کہ جمعرات کو شیڈول ایک ورچوئل تقریب میں کمپنی کے بقول ونڈوز کی نئی جنریشن پیش کر دی جائے گی۔
کمپنی کے سی ای او ستیا نڈیلا کہتے ہیں کہ پچھلی ایک دہائی میں ونڈوز کی سب سے نمایاں اپ ڈیٹس 24 جون کو بلڈ 2021 کانفرنس میں سامنے آئیں گی۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ تقریب رات آٹھ بجے انٹرنیٹ پر سٹریم کی جائے گی اور آپ اسے یوٹیوب پر مائیکرو سافٹ کے چینل پر دیکھ سکیں گے۔
یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ ونڈوز کا نیا ورژن مارکیٹ میں کب دستیاب ہو گا لیکن توقع ہے کہ مائیکروسافٹ رواں سال کے دوسرے حصے میں اسے پیش کر دے گی جبکہ ایک اور میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سال کے آخر میں جاری ہو گا۔
عام طور پر کوئی نیا سافٹ ویئر یا آپریٹنگ سسٹم مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر جاری ہونے سے قبل محدود طور پر جاری کیا جاتا ہے تاکہ ماہرین اس میں نقائص کی نشان دہی کریں اور انہیں عام صارف تک پہنچنے سے قبل ٹھیک کیا جا سکے۔
ونڈوز میں لائی جانے والی ویژول تبدیلیوں کو سن ویلی کا کوڈ نام دیا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ ویژول تبدیلیاں نئے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ ہی ریلیز ہوں گی یا الگ سے۔
نئے ورژن کے سکرین شاٹس سب سے پہلے چینی ویب سائٹ بیڈو پر جاری ہوئے تھے لیکن ایسا لگتا ہے کہ دنیا بھر سے کچھ صارفین اس آپریٹنگ سسٹم تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔
سکرین شاٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک بڑی تبدیلی ونڈوز کے سٹارٹ مینو میں نظر آئے گی، جسے اب میک کی طرح سکرین کے سینٹر میں رکھا جائے گا، جسے اگر صارف چاہیے تو اس کی پرانی جگہ یعنی بائیں جانب لے جا سکے گا۔
مجموعی طور پر نئی ونڈوز ڈارک موڈ میں نظر آ رہی ہے۔ اسی طرح پروگرامز اور دوسرے آئیکون تک رسائی دینے والا بائیں جانب ونڈو لوگو کو از سر نو ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ایک اور اہم تبدیلی یہ ہے کہ ونڈوز کے ٹاسک بار میں ایک نیا آئیکون وجیٹ نظر آئے گا اور توقع ہے کہ اس کی مدد سے ڈیسک ٹاپ پر خبریں، موسم اور صارف کا دوسرا پسندید مواد پن کیا جا سکے گا۔
خیال رہے کہ ایپل کے آئی او ایس 14 میں ستمبر 2020 میں ہوم سکرین کے لیے وجیٹ متعارف کرائے گئے تھے اور لگتا ہے کہ مائیکروسافٹ نے یہیں سے آئیڈیا لیا ہے۔
گیمرز کی بات کریں تو مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 میں ایک ایکس باکس ایپ شامل کی ہے تاکہ گیم پاس تک جلد رسائی ہو سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹیکنالوجی ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ نئے آپریٹنگ سسٹم میں ویب کیمز کی ویڈیو گرافی کو بہتر بنایا جائے گا کیونکہ پچھلے سال کرونا وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں لوگ گھروں سے کام کر رہے ہیں۔ ایسے صارفین کو زوم اور ٹیم کالز کے لیے ٹھوس ویب کیم پرفارمنس چاہیے۔
حال ہی میں آئی فون 12 پرو اور گوگل پکسل فونز میں ریموٹ ویڈیو کالز کو بہتر بنانے کے لیے کمپیوٹیشنل امیج پراسسنگ کو شامل کیا گیا ہے۔
اس لیے مائیکروسافٹ پر دباؤ ہو گا کہ وہ اس شعبے کو بہتر بنائے۔
ونڈوز 10 کو مائیکرو سافٹ نے بطور ایک سروس پیش کیا تھا اور کمپیوٹرز کو محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل اپ ڈیٹس آتے رہے تھے۔
امید کی جاتی ہے کہ نئے آپریٹنگ سسٹم میں ان اپ ڈیٹس کو بیک گراؤنڈ میں زیادہ موثر انداز میں چلایا جائے گا۔
ایک سوال جو یقیناً آپ کے ذہن میں آ رہا ہو گا وہ اس کی قیمت سے متعلق ہو گا۔ اس سوال کے جواب کے لیے 24 جون تک انتظار کریں۔
امکان ہے کہ ونڈوز 10 کے صارفین کو نئے ورژن کا فری اپ گریڈ آفر کیا جائے گا۔