پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم میں نو نئے کھلاڑی شامل

انگلش کرکٹ بورڈ نے سات افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی، بین سٹوکس اب پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی قیادت کریں گے۔

 پاکستان کے خلاف سیریز میں بین سٹوکس بطور کپتان کھیلیں گے (اے ایف پی/ فائل)

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز سے قبل انگلینڈ کے کیمپ میں سات کرونا کیسز کی تصدیق کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے نو نئے کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سکواڈ میں شامل نو کھلاڑی انگلینڈ کی جانب سے پہلی بار میدان میں اتریں گے۔

اعلان کردہ نئی ٹیم میں بین سٹوکس کو کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ ان کے علاوہ جیک بال، ڈینی برگز، برائیڈن کارس، زیک کرالی، بین ڈکیٹ، لیوس گریگری، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈین لارنس، ثاقب محمود، ڈیوڈ ملان سمیت کریگ اورٹن، میٹ پارکسنز، ڈیوڈ پین، فل سالٹ، جان سمپسن اور جیمز ونس سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو دھچکہ لگا ہے اور اب تک اس کے تین اہم کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے چار ارکان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہے جہاں وہ انگلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے میچ آٹھ جولائی کو کارڈف میں کھیلے گی۔ دوسرا ون ڈے 10 جولائی اور تیسرا ون ڈے 13 جولائی کو کھیلا جائے گا جس کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برسٹل میں پیر کو پی سی آر ٹیسٹ لیے گئے تھے جس کے بعد ون ڈے ٹیم میں شامل تین کرکٹرز اور انتظامیہ کے چار ارکان کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ پبلک ہیلتھ انگلینڈ، پبلک ہیلتھ ویلز اور برسٹل لوکل ہیلتھ اتھارٹی سے مشاورت کے بعد متاثرہ کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے ارکان کی سیلف آئسولیشن کا عرصہ چار جولائی سے تصور کیا جائے گا اور حکومتی پروٹوکول کے مطابق قرنطینہ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

ای سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیم اور انتظامیہ کے بقیہ ارکان کے حوالے سے بھی یہ سمجھا جا رہا ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں سے رابطے میں تھے لہٰذا انہیں بھی آئسولیٹ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کیمپ میں کوویڈ 19 کیسز آنے کی خبر ملنے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ای سی بی کے توسط سے میڈیکل پینل کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے لیے کیے جانے والے پروٹوکولز پر مطمئن ہے۔

یاد رہے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز آٹھ جولائی سے کارڈف میں شروع ہو رہی ہے۔

پی سی بی  کے مطابق پاکستانی کرکٹ بورڈ کے حکام انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی منجمنٹ کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں ہوٹل اور میچ وینیو پر مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول کے مطابق ہو گی اور بین سٹوکس ٹیم میں واپس آ رہے ہیں اور کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ ٹیم اور انتظامیہ میں شامل ہونے والے نئے ارکان کا کرونا ٹیسٹ ہو گا تاکہ کیمپ میں شامل تمام کھلاڑیوں و آفیشلز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس حوالے سے ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے کہا: ’یہ بات ہمارے ذہن میں تھی کہ کرونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ اور بائیو سکیور ماحول کی سختی سے انحراف کی وجہ سے لوگوں کے متاثر ہونے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ ہم نے کھلاڑیوں اور سٹاف کو محفوظ رکھنے کے لیے کرونا پروٹوکولز کو اپنانے کی کوشش کی جنہوں نے گذشتہ 14 ماہ انتہائی محدود ماحول میں زندگی گزاری ہے۔‘

ٹام ہیریسن نے مزید کہا کہ ’ہم نے نئے سکواڈ کی تشکیل میں تیزی سے کام کیا اور ہم بین سٹوکس کے مشکورہیں جو قومی ذمہ داری نبھانے کے لیے واپس آ رہے ہیں اور ٹیم کی قیادت کریں گے۔‘

معروف کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ جنہیں وائٹ بال کرکٹ سیریز سے چھٹی لینی تھی اب ٹیم کی کوچنگ کے لیے واپس آئیں گے۔ سلور ووڈ کے دونوں معاونین گراہم تھراپ اور پال کولنگ ووڈ اس گروپ کا حصہ ہیں جنہیں سیلف آئسولیٹ ہونا ہے۔

خیال رہے کہ جن کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے البتہ بین سٹوکس کو کپتان نامزد کیے جانے کے بعد یہ امکان ظاہرکیا جارہا ہے کہ ون ڈے ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ 

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ