گرمپی کیٹ میں ایسی کیا بات تھی؟

اپنے مستقل غصیلے تاثرات کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والی یہ بلی 14 مئی کو سات سال کی عمر میں چل بسی، جس کا اعلان گذشتہ روز کیا گیا۔

گرمپی کیٹ کے انسٹا گرام پر 24 لاکھ جبکہ ٹوئٹر پر 15 لاکھ مداح ہیں۔ تصویر: گرمپی کیٹ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

سوشل میڈیا سٹار گرمپی کیٹ یعنی ’غصیلی بلی‘ سات سال کی عمر میں چل بسی۔ اس بات کا اعلان بلی کے مالک کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا گیا۔

جمعے کو پوسٹ کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ: ’ گرمپی کیٹ منگل 14 مئی کو اپنی مالکن تابتھا کی بانہوں میں دم توڑ گئی۔ ڈاکٹرز کے بہترین علاج اور خاندان کی جانب سے بھرپور خیال رکھنے کے باوجود گرمپی کیٹ یوریینٹری انفیکشن کا شکار ہونے کے بعد رو بصحت نہ ہو سکی۔ ہمارے گھر کا حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے بچے جیسی گرمپی کیٹ نے سخت حالات میں بھی دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیری۔ اس کا یہ جذبہ اس کے جانے کے بعد بھی دنیا بھر میں اس کے مداحوں کے ساتھ رہے گا۔‘

گرمپی کے نام سے جانی جانے والی بلی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں اپنے مالکان تابتھا، بریان اور کرسٹل کے ساتھ رہتی تھی۔

یہ بلی ’ٹردار ساس‘ کے نام سے بھی جانی جاتی تھی اور اپنے مستقل غصیلے تاثرات کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں میمز کا سبب بن چکی تھی۔ بلی کے مالک کے مطابق یہ تاثرات ’ فیلائن ڈوارفسزم‘ نامی ایک بیماری کی وجہ سے تھے۔

پالتو بلی کو اُس وقت مشہوری ملی، جب تابتھا کے بھائی بریان نے 2012 میں چار ماہ کی بلی کی تصویر سوشل میڈیا ویب سائٹ ریڈٹ پر جاری کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ اس کے بعد ہزاروں میمز دیکھنے میں آئیں جن میں سے اکثر میں اس بلی کے چہرے کے تاثرات کو مذاق کا نشانہ بنایا گیا۔ اس غصیلی صورت کی وجہ سے مشہوری کے باوجود بلی کے مالک کا کہنا تھا کہ اس کی زندگی معمول کے مطابق تھی۔

بلی کی موت سے قبل اس کی ویب سائٹ پر یہ پیغام لکھا گیا: ’ہم نے ٹرڈار ساس کا بہت خیال رکھا اور یہ 99 فیصد ایک نارمل بلی ہے۔ یہ کھیلتی کودتی ہے اور بالکل ویسی ہی حرکتیں کرتی ہے جیسے ایک بلی کو کرنی چاہییں۔ یہ پردوں کے پیچھے چھپتی ہے اور ہر وقت کیمرے کے سامنے نہیں رہتی جیسے بہت سے لوگوں کو لگتا ہے۔ ہم اس کی تصویریں ہفتے میں ایک بار ہی لیتے ہیں یا اُن مواقع پر جب ہم اپنے میڈیا پارٹنرز کے ساتھ ملتے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ان ملاقاتوں کا دورانیہ کم ہو اور شوٹنگ کے دوران بلی کے اردگرد زیادہ افراد نہ ہوں۔ ٹرداد ساس کچھ بھی ہونے سے پہلے ہمارے خاندان کا ایک رکن ہے۔‘

گرمپی کیٹ کے انسٹا گرام پر 24 لاکھ جبکہ ٹوئٹر پر 15 لاکھ مداح ہیں۔ اسے کئی نفع بخش برانڈز ڈیلز بھی ملیں جس کی وجہ سے اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔ گرمپی کی مینیجر بین لیشز کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے مالکان کی دولت میں لگ بھگ 100 ملین ڈالرز کا اضافہ کیا ہے۔

غصیلی بلی کے مداحوں کی جانب سے اس کے موت کی خبر پر جذباتی تبصرے کیے جا رہے ہیں جس میں وہ گرمپی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

ٹوئیٹر پر ایک صارف کی جانب سے لکھا گیا: اس صدمے والی خبر نے میرا دل توڑ ڈالا ہے۔ میں تابتھا اور تمام فیملی کے لیے دعا گو ہوں۔‘

ایک اور صارف نے لکھا: ’میں اس بلی سے پیار کرتا تھا۔ میں اس کو ایک بار ملنے کا اعزاز حاصل کر چکا ہوں اور میں اس بات کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ میں نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے اور میں اس کو موت پر شدید صدمے میں ہوں۔ لو یو ٹردا ساس، گرمپی کیٹ زندہ باد۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ