قازقستان کے صدر پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

دو روزہ دورے میں پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے  باضابطہ مذاکرات علاوہ  وہ پاکستان، قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایوف 12 نومبر 2025 کو ماسکو میں کریملن میں اپنی بات چیت کے دوران 21 ویں روس-قازقستان بین علاقائی تعاون فورم کے شرکاء سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے ہیں (الیگزینڈر زیملیانیچینکو / اے ایف پی)

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایوف اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس دو روزہ دورے میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی  قازقستان کے صدرکے ہمراہ ہے جس میں سینیئر وزرا اور دیگر حکام شامل ہیں۔

دو روزہ دورے کے دوران صدر توکایوف اپنے پاکستانی ہم منصب  آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے باضابطہ مذاکرات کریں گے جبکہ اس کے علاوہ  وہ پاکستان، قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

وزرارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تعاون کو مزید وسعت دینے کے نئے مواقع پر غور کرنے، خصوصاً تجارت، نقل وحمل، علاقائی وعوامی روابط اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے امکانات کاجائزہ لینے کا بھرپورموقع فراہم کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس دورے سے ایک روز قبل اسلام آباد میں پاکستان اور قازقستان نے تعلیم کے شعبے میں 8 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط  کیے جن کا مقصد مشترکہ تحقیقی تعاون، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تعلیمی پروگراموں اور استعداد بڑھانے کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔

سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان کے مطابق ان مفاہمتی یادداشتوں پر اسلام آباد میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران دستخط کیے گئے جس میں قازقستان کے 25رکنی وفد نے شرکت کی۔

دونوں ممالک نے تعلیمی شعبے کے ذریعے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا