کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایک چینی شہری زخمی

پولیس کے مطابق ماسک پہنے موٹر سائیکل سواروں نے ایک گاڑی میں موجود دو چینی شہریوں پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے ایک چینی باشندہ زخمی ہو گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ زون کراچی کے مطابق یہ واقعہ سائٹ ایریا میں گلبائی پل کے نیچے پیش آیا (اے ایف پی)

کراچی میں پولیس حکام کے مطابق بدھ کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک چینی شہری زخمی ہو گیا۔ 

ڈی آئی جی ساؤتھ زون کراچی جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ سائٹ ایریا میں گلبائی پل کے نیچے پیش آیا۔

ان کے مطابق چہرے پر ماسک پہنے موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ جانے والے دو چینی شہریوں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایک چینی باشندہ زخمی ہوا۔

زخمی ہونے والے چینی شہری کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ 

جاوید اکبر ریاض کے مطابق ’دونوں چینی شہری شیر شاہ کی ایک فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔ صبح ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع اپنی رہائش گاہ سے فیکٹری جانے کے لیے مقامی ڈرائیور کے ساتھ نکلے اور راستے میں یہ واقعہ پیش آیا۔‘

ان کے مطابق عام طور غیر ملکیوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پولیس کو دی جاتی ہے مگر ان دونوں کی پولیس کو کوئی اطلاع نہیں تھی۔

دوسری جانب ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری کا کہنا ہے کہ فائرنگ گلبائی پل کے نیچے نہیں بلکہ راستے میں کسی اور مقام پر ہوئی اور فائرنگ کے بعد ڈرائیور گاڑی بھگا کر گلبائی پل کے نیچے لایا، جہاں موجود ایمبولینس میں چینی باشندے کو ڈال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

واضح رہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت بننے والے ترقیاتی منصوبوں میں کام کرنے کے لیے بڑے تعداد میں چینی باشندے پاکستان میں مقیم ہیں اور اس سے پہلے بھی ان پر پاکستان میں متعدد بار حملے ہو چکے ہیں۔

رواں ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ملازمین کی ایک بس میں دھماکے سے نو چینی شہریوں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے ابتدا میں اسے حادثہ قرار دیا تھا۔ تاہم چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں اس واقعے کو دھماکہ قرار دیا تھا۔

اسی طرح رواں سال اپریل میں کوئٹہ کے ایک نجی ہوٹل میں چینی سفیر کی موجودگی کے دوران ہوٹل کی پارکنگ میں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان