لاہور: ولیمے میں فائرنگ، نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بھائی ہلاک

ملک اسد کھوکھر کے بھائی ملک مبشر کھوکھر کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔

فائرنگ سے قبل تقریب ولیمے کا ایک منظر (تصویر: پی ٹی آئی میڈیا)

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) میں نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کی تقریب کے دوران فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مبشر ملک ہلاک اور دو اشخاص زخمی ہو گئے۔

ملک اسد کھوکھر کے بھائی ملک مبشر کھوکھر کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے، دو افراد شدید زخمی میں ہسپتال لے جائے گئے۔

فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی وزرا سمیت اعلی شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔

واقعہ کے بعد تقریب میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ناظم نے ابتدائی بیان میں اقرار کیا ہے کہ ’اپنے چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے فائرنگ کی۔‘ ملزم کے چچا کو کچھ عرصہ قبل قتل کیا گیا تھا نیز ملزم ناظم لاہور کے ہی رہائشی ہیں۔ 

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیفنس کے علاقے میں ہونے والے اس وقوعے کا فورا نوٹس لے لیا اورانسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر اعلی میڈیا سیل سے جاری بیان ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی نےفائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے نیز سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری کی جائے گی۔

وزیر اعلی نے ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائےاورگرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلی میڈیا سیل کے مطابق فائرنگ کا واقعہ وزیر اعلی پنجاب کے نکلنے کے بعد پیش آیا جب کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کو وزیراعلی کی سکیورٹی ٹیم نے موقع سے پکڑا ہے۔

حکومت پنجاب کی سابق ترجمان مسرت جمشید چیمہ کے مطابق وہ بھی تقریب میں موجود تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’فائرنگ کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب تقریب میں موجود تھے۔ میں وہاں پہنچی تو ایک جیپ تیزی سے نکلی اور فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملک اسد کھوکھر فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے۔

ترجمان لاہور پولیس راناعارف کے مطابق شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے دوملزموں کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ ڈیفنس سی کے علاقے فیز 7 میں یہ فائرنگ کی گئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے جبکہ وزیر اعلیٰ میڈیا سیل کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے کہ ملک اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن وزیر اعلی پنجاب نے آج بروز جمعہ جاری کیا اور انہوں نے اپنے عہدے کا حلف کل ہفتے کے روزاٹھانا ہے۔

ملک اسد کھوکھر لاہور میں پراپرٹی کا کاروبار کرتے ہیں۔ وہ عام انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر لاہور سے ایم این اے کا الیکشن لڑے لیکن شکست ہوئی، اس کے بعد ضمنی الیکشن میں صوبائی نشست پر ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان