لاہور میں ایک گھر سے سابق ماڈل کی لاش برآمد

پولیس حکام کے مطابق 30 سالہ نایاب ندیم ماضی میں ماڈل رہ چکی ہیں اور انہوں نے مختلف گانوں کی ویڈیوز میں کام کیا تھا۔

نایاب کے بھائی کے مطابق وہ ڈیفنس کے ایک گھر میں 2015 سے اکیلی رہ رہی تھیں (تصویر لاہور پولیس)

لاہور میں ہفتے کی رات کو ایک گھر سے 30 سالہ خاتون کی تشدد زدہ اور نیم برہنہ لاش ملی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نایاب ندیم ماضی میں ماڈل رہ چکی ہیں اور انہوں نے مختلف گانوں کی ویڈیوز میں کام کیا تھا۔

پولیس نے دفعہ 302 کے تحت نایاب کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی ایف آئی آر تھانہ ڈیفنس بی میں درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

نایاب کے سوتیلے بھائی اور شاہ کمال کالونی اچھرہ کے رہائشی محمد علی ناصر نے ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ روزانہ ان سے ملنے ڈیفنس فیز فائیو جایا کرتے تھے تاکہ انہیں ان کی ضرورت کا سامان پہنچا سکیں۔

علی ناصر کے مطابق نایاب ڈیفنس کے اس گھر میں 2015 سے اکیلی رہتی تھیں۔ انہوں نے ایف آئی آر میں مزید بتایا کہ ہفتے کی رات آٹھ بجے حسب معمول جب وہ ان کے گھر پہنچے تو گھر کا چھوٹا دروازہ کھلا پایا جبکہ بڑا گیٹ بند تھا۔

’ان کا فون بند جا رہا تھا۔ ان کی گاڑی گیراج میں کھڑی تھی۔ جب میں نے گھر کے اندر گلی کی پچھلی جانب دیکھا تو باتھ روم  کی کھڑکی کی جالی ٹوٹی ہوئی تھی۔‘

انہوں نے بیان میں بتایا کہ وہ اس کھڑکی کے راستے گھر کے اندر داخل ہوئے تو ٹی وی لاؤنج میں نایاب کی نیم برہنہ لاش پڑی تھی۔ ان کے گلے پر زخم کے نشان تھے، یہ سب دیکھنے کے بعد انہوں نے لاش کو کپڑے سے ڈھانپا اور گھر سے باہر آکر 15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی۔

تھانہ ڈیفنس بی کے ایک پولیس افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ کا جائزہ لینے سے لگتا ہے کہ خاتون کو تشدد کرکے گلہ دبا کرقتل کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ’اس کیس میں زیادتی، ڈکیتی، مزاحمت اور قتل سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جائے گی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ مختلف گانوں میں ماڈلنگ کر چکی ہیں لیکن کچھ عرصے سے انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر رکھی تھی۔

علی ناصر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ لاش ملنے کے بعد تدفین کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کیس کے متعلق مزید بات کرنے سے انکار کر دیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان