یو ایس اوپن: عالمی نمبر ایک جوکووچ اور بارٹی اگلے راؤنڈ میں داخل

امریکہ میں جاری یو ایس اوپن گرینڈ سلیم کے پہلے راؤنڈ کے میچز میں عالمی نمبر ایک مرد اور خاتون کھلاڑیوں نے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

یو ایس اوپن امریکی شہر نیو یارک میں جاری ہے (تصاویر: اے ایف پی)

امریکی شہر نیو یارک میں جاری یو ایس اوپن کے مردوں کے مقابلے میں عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئر نوویک جوکووچ اور خاتون ٹینس سٹار ایشلی بارٹی نے منگل کو اپنے اپنے میچز جیت کر ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اپنا 21واں میجر ٹائٹل جیتنے کے خواہش مند سربیا کے 34 سالہ ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے آرتھر ایش سٹیڈیم میں دو گھنٹے اور 15 منٹ کے میچ کے بعد ڈنمارک کے 18 سالہ ہولگر رون کو 1-6 7-6 (5/7) 2-6 1-6  سے  شکست دی۔

میچ کے بعد جوکووچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: ’یہ میری بہترین کارکردگی میں سے نہیں تھی۔ رون نے دوسرے سیٹ میں اچھا کھیلا جبکہ میں نے صحیح سرو نہیں کیا۔‘

ان کا اگلا میچ 121 رینک کے کھلاڑی نیدرلینڈز کے ٹیلون گریکسپور سے ہوگا۔

جوکووچ اس سے قبل 12 میں سے آٹھ گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وہ ایک سال میں چار گرینڈ سلیم اور اولمپکس ٹائٹل جیت کر گولڈن سلیم جیتنے والے پہلے کھلاڑی بننے جا رہے تھے مگر ٹوکیو اولمپکس کے سیمی فائنل میں جرمنی کے ایلگزینڈر زویروف سے شکست کھا گئے۔

دوسری جانب خواتین میں عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئر ایشلی بارٹی ومبلڈن اور سنسناٹی ماسٹرز میں جیت کے بعد اب یو ایس اوپن کے ٹائٹل پر بھی نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

25 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی نے  منگل کو میچ میں روس کی ویرا زوونریوا کو 1-6 6-7 (9/7) سے شکست دی۔

یکے بعد دیگرے گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کی خواہش مند ایشلی بارٹی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سٹریٹ سیٹس سے جیتنے پر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر وہ مشکل صورت حال میں پھنسی ہوئی تھیں مگر اس میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کی۔

ان کا اگلا میچ ڈنمارک کی کلارا ٹوسون کے ساتھ ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹینس