گرینڈ سلیمز میں جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹینس میں دفاعی چیمپیئن نیومی اوساکا نے یو ایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوساکا نے چار سال میں تیسرا یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے کی کوشش کے دوران 87 ویں نمبر کی جمہوریہ چیک کی کھلاڑی میری بوزکووا کو کچھا کھچ بھرے آرتھر ایش سٹیڈیم میں 4-6، 1-6 سے شکست دے دی۔ اب دوسرے راؤنڈ کے میچ میں ان کا مقابلہ سربیا کی کوالیفائر اولگا ڈینیلووچ کے ساتھ ہو گا۔
اوساکا کا کہنا تھا: ’ایک بار پھر سب کے سامنے کھیلنا بہترین لگتا ہے۔ میں خود کو یہاں واقعی پرسکون محسوس کرتی ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں جیت گئی۔‘
اوساکا نے بوزکووا کو اس سال کے آسٹریلین اوپن کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں بھی شکست دی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
23 سالہ جاپانی ٹینس سٹار اوساکا، سرینا ولیمز کے بعد یو ایس اوپن میں تسلسل کے ساتھ جیتنے والے پہلی خاتون ٹینس چیمپیئن بن سکتی ہیں۔
سرینا ولیمز نے 2014 میں تواتر کے ساتھ تیسری بار یوایس اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔ اس سال وہ ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے کھیل سے باہر ہیں۔
اوسا کی بڑی کامیابوں میں ان کی یوایس اور آسٹریلین اوپن میں تازہ ترین جیت اوراس سال فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ملنے والی فتح ہے جس کے بعد وہ ذہنی صحت کے مسائل کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئی تھیں۔
دوسری جانب مردوں کے کھیل میں سٹیفانوس سیت سیپاس نے تین بار کے گرینڈ سلیم چیمپیئن برطانیہ کے اینڈی مرے کو چار گھنٹے اور 49 منٹ کے کھیل میں شکست دی۔
میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھاڑی تماشائیوں کی موجودگی سے ہونے والے بہترین ماحول کے ہی منتظر تھے۔
دو مرتبہ اولمپک چیمپیئن ہونے والے مرے یو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ کے 15 میچوں میں پہلی بار ہارے ہیں۔