چھ زبانوں میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام ایک ایپ میں

سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے راجا ساند نے ایک ایسی ایپ بنائی ہے جس میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے صوفیانہ کلام کے مجموعے ’شاہ جو رسالو‘ کو شامل کیا گیا ہے۔

سندھ کے صوفی بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام کو ایک موبائل ایپ میں پیش کرنے والے نوجوان بھلیڈنو ساند عرف راجا ساند نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ہر زبان میں ترجمہ ہونے والے شاہ کے کلام کو اپنی ایپ کی مدد سے دنیا تک پہنچائیں۔

سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے ڈھورونارو شہر کے قریب واقع گاؤں عبدالقدوس ساند کے راجا ساند نے ایک ایسی ایپ بنائی ہے جس میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے صوفیانہ کلام کے مجموعے ’شاہ جو رسالو‘ کو شامل کیا گیا ہے۔ اس ایپ میں کُل 12 رسالے ہیں اور چھ زبانوں اور نو مختلف سکرپٹس میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام شامل ہے۔ 

انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راجا ساند نے بتایا: ’اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ غیر سندھی جو سندھی زبان نہیں پڑھ سکتے مگر وہ شاہ کا کلام پڑھنا چاہتے ہیں، اب وہ اس کی مدد سے اپنی مادری زبان میں شاہ کا کلام پڑھ سکتے ہیں۔‘

انگلش لٹریچر میں ماسٹرز کرنے والے راجا ساند نے ’شاہ جو رسالو‘ کی اس اینڈروئیڈ ایپ پر 2016 میں کام شروع کیا اور 2019 میں اسے پہلی بار پلے سٹور پر اپ لوڈ کیا۔ گذشتہ دو سالوں میں اس ایپ کو تقریباً 58 ہزار لوگوں نے ڈاؤن لوڈ کیا اور 13 لاکھ سے زیادہ بار اسے کھول کر پڑھا جا چکا ہے۔

2020 میں محکمہ ثقافت سندھ نے شاہ عبدالطیف بھٹائی پر راجا ساند کے کام کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں سندھ کا سب سے بڑا ایوارڈ ’لطیف ایوارڈ‘ بھی دیا۔

شاہ عبدالطیف بھٹائی کی شاعری کے مجموعے کو سندھی زبان میں ’شاہ جو رسالو‘ یعنی شاہ کا رسالہ کہا جاتا ہے۔ شاہ کے کلام کے کئی ایسے اشعار تھے جو ان کے مجموعے میں شامل نہیں تھے مگر اس وقت کے لوگوں کو ازبر تھے۔ ان لوگوں نے اپنی آنے والی نسلوں کو یہ اشعار ازبر کروائے اور یہ سلسلہ آج تک چلتا آرہا ہے۔ سندھ کے کچھ ادیبوں نے وہ اشعار مختلف لوگوں سے پوچھ کر کچھ رسالے مرتب کیے ہیں، جن کی بڑی تعداد ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

راجا ساند نے اس ایپ میں کلیان آڈوانی، غلام محمد شہیوانی اور استاد لغاری کی جانب سے مرتب کیے گئے شاہ عبدالطیف بھٹائی کے کلام کے چار رسالے بھی شامل کیے ہیں۔ سندھی زبان کے ان چار رسالوں کے علاوہ شاہ کے کلام کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیے گئے رسالوں سمیت کُل 12 رسالے شامل کیے ہیں۔ ان میں دیوناگری، پنجابی، گُرمکھی، انگریزی، اردو، سرائیکی، ڈھاٹکی اور شاہ مُکھی شامل ہیں۔

راجا ساند نے اس موبائل ایپ میں شامل مختلف زبانوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا: ’کچھ زبانوں کے ایک سے زائد سکرپٹ ہیں۔ جیسے سندھی زبان عربی رسم الخط کے علاوہ دیوناگری میں بھی لکھی جاتی ہے۔ اس ایپ میں شاہ کے کلام کو دیوناگری میں لکھنے کے لیے انہوں نے دیوناگری بھی سیکھی۔ اس کے علاوہ پنجابی کے دو سکرپٹ ہیں، ایک پاکستانی پنجابی اور دوسری ہندوستانی پنجابی یا گُرمکھی۔

اس طرح سرائیکی کے دو سکرپٹ ہیں، ایک سندھی سرائیکی اور دوسری ملتانی سرائیکی یا شاہ مکھی، تو یہ دونوں بھی ایپ کا حصہ ہیں۔

اس ایپ میں شاہ کی شاعری کا آڈیو بھی رکھا گیا ہے۔ ریڈیو پاکستان حیدرآباد کے معروف صداکار مرحوم سید صالح محمد شاہ کی آواز میں ’شاہ جو رسالو‘ کا آڈیو ریکارڈ کیا گیا تھا، جو ریڈیو پاکستان حیدرآباد نے حال ہی میں عام کیا، تو وہ آیڈیو کچھ سروں میں موجود ہے۔

راجا ساند کے مطابق: ’اس وقت یہ ایپ اینڈروئیڈ پر موجود ہے، مگر میرا ارادہ ہے کہ اس کو آئی او ایس پر بھی رکھا جائے تاکہ ایپل فون استمال کرنے والے بھی اسے استعمال کرسکیں۔ مگر میرے پاس مالی وسائل نہیں ہیں۔‘

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے کے لیے فی الحال ان کے پاس مالی وسائل نہیں اور ’اگر کسی نے اس سلسلے میں مدد کی تو جلد ہی اس ایپ کو آئی او ایس سٹور پر بناکر رکھوں گا، تاکہ دنیا کو لطیف کے امن و سکون کا پیغام پہنچایا جاسکے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا