کیا بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی؟

چیمپیئنز ٹرافی ابھی چار سال دور ہے مگر بھارت کی حکومت ابھی سے اپنی ٹیم کی شرکت کے بارے میں ہچکچاہٹ دکھا رہی ہے۔

17 جون 2017 کو بھارتی کپتان وراٹ کوہلی اور پاکستانی کپتان سرفراز احمد لندن کے میدان اوول میں چیمپیئنز ٹرافی کے ساتھ (اے ایف پی)

دو دن قبل آئی سی سی کے اس اعلان کے بعد کہ 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہو گی، لوگ یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا بھارت کی ٹیم بھی پاکستان آئے گی؟

گذشتہ روز بھارت کے کھیلوں کے وزیر انوراگ ٹھاکر کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان میں سکیورٹی کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گی کہ آیا ٹیم کو دورے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔

ٹھاکر نے بدھ کو دہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا، ’ماضی میں بھی بہت سی ٹیموں نے وہاں جانے سے انکار کیا ہے کیوں کہ ادھر صورتِ حال نارمل نہیں ہے۔ وہاں سکیورٹی بڑا چیلنج ہے، کیوں کہ وہاں ماضی میں وہاں ٹیموں پر حملے ہوتے رہے ہیں، جو تشویش کی بات ہے۔ اس لیے جب وقت آئے گا تو بھارتی حکومت اس وقت کی صورتِ حال کے مطابق فیصلہ کرے گی۔‘

بھارت کی ٹیم آخری بار 2006 میں پاکستان آئی تھی۔ 2008 میں ممبئی میں بم حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، البتہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹوں میں دونوں ٹیمیں مدِ مقابل ہوتی رہی ہیں۔

2009 میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں تقریباً دس سال تک بین الاقوامی کرکٹ معطل رہی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان میں آخری بار جو بین الاقوامی ٹورنامنٹ کھیلا گیا وہ 1996 میں ہونے والا ورلڈ کپ تھا، جس کی میزبانی میں بھارت اور سری لنکا بھی شریک تھے۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا تھا۔

انوراگ ٹھاکر کے بیان کے جواب میں ٹوئٹر پر ایک صارف سنکیت ڈی پاٹل نے لکھا، ’وہ اتنے پراعتماد کیوں ہیں کہ ان کی جماعت 2025 تک اقتدار میں رہے گی؟ یہ جمہوریت ہے۔ عوام 2024 میں فیصلہ کریں گے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا، ’بالکل۔ چار سال لمبا عرصہ ہے۔ ابھی سے اس بارے میں یہ بیان بےمعنی ہے۔‘

یاد رہے کہ انوراگ ٹھاکر کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہے، جن کی حکومت 2024 تک رہے گی۔ اس کے بعد نئی حکومت کا فیصلہ انتخابات میں ہو گا۔

پروین کمار نے ٹویٹ کی: ’ہم ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان سے ہارے ہیں۔ اب بھارت کو پاکستان جا کر ان کے گھر میں انہیں ہرانا ہو گا۔ یہ شائقین کے لیے بہت بڑے اطمینان کا باعث ہو گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ