’سبھی جانتے ہیں حسن چیمپیئن ہیں اور ایسے ہی کرتے ہیں چیمپیئنز‘

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پلیئر آف دی میچ پاکستان کے حسن علی کی پرفارمنس ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں رہی۔

پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی جمعے کو بنگلہ دیش کے بلے باز محمد نعیم کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں (تصویر: اے ایف پی)

کہتے ہیں کہ جیت کے ہزار دوست ہوتے ہیں اور شکست یتیم ہوتی ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو سب نے سراہا تھا لیکن انگلیاں اٹھیں تو صرف ایک کھلاڑی پر، جن کی بولنگ ایونٹ میں باقی بولرز کے مقابلے میں خراب تھی اور وہ نام تھا حسن علی کا۔

جب پاکستان کی ٹیم بنگلہ دیش روانہ ہونے لگی تو حسن علی کے بارے میں یہ خبریں چلیں کہ وہ ہوٹل کے کمرے سے نکلے لیکن لوگوں کو دیکھ کر دوبارہ اپنے کمرے میں چلے گئے۔

بظاہر حسن علی لوگوں کا سامنا کرنے سے کترا رہے تھے۔

پھر ایک دن ایسا بھی آیا جب پاکستان کا بنگلہ دیش سے پہلا ٹی20 میچ تھا اور اس میچ میں حسن نے عمدہ واپسی کرتے ہوئے اپنی بولنگ سے ناقدین کو خاموش کروا دیا۔

انہوں نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر محمد نعیم کی وکٹ لی اور اسی اوور کی ان کی دوسری بال سپیڈ میٹر پر 219 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جو کرکٹ کی تیز ترین بال سپیڈ ہے البتہ یہ شاید کوئی تکنیکی خرابی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حسن نے جمعے کو کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں اپنے چار اوورز میں 22 رنز دے کر تین وکٹس حاصل کیں۔

ان کی اس کارکردگی پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بہت سراہا اور ان کا نام پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں سامنے آیا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ گھر پہنچتے ہی خبر ملی کہ اے بی ڈی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے، ٹم پین نے استعفیٰ دے دیا، شاہین آج نہیں کھیل رہے، حیدر علی پاکستان ٹیم میں واپس آگئے، حسن علی نے 200+ کی بال کرائی اور نواز نے 145 کلومیٹر۔ کیا کیا نہیں ہو گیا اس دنیا میں اچانک سے۔

ماہم اپنی ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ اپنی ناکامی کو کامیابی میں بدلنے کی مثال حسن علی نے قائم کر کے دی۔

حسن علی کے پلیئر آف دا میچ کے ایوارڈ پر ایک صارف کا لکھنا تھا کہ کوئی حیرانگی کی بات نہیں، ہم سب کو پتا ہے کہ حسن چیمپیئن ہیں اور ایسے ہی کرتے ہیں چیمپیئنز۔

ایمن راجپوت نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’بہترین سپیل حسن علی کی جانب سے‘

 

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ