سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ’کراچی سے ہیک ہوا‘

سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں حکمران جماعت پی ٹی آئی اور مہنگائی کے خلاف ’احتجاج‘ کے ساتھ ساتھ عملے کو تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کا شکوہ بھی کیا گیا تھا، جو بعد میں ڈیلیٹ کردی گئی۔

اپنے باضابطہ بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا: ’ان اکاؤنٹس سے پوسٹ کیے گئے بیانات کا سربیا میں پاکستانی سفارت خانے سے کوئی تعلق نہیں۔‘ (فوٹو: انڈپینڈنٹ اردو)

دفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوگئے ہیں۔ سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جمعے کی صبح پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں حکمران جماعت پی ٹی آئی اور مہنگائی کے خلاف ’احتجاج‘ کیا گیا تھا، جو بعد میں ڈیلیٹ کردی گئی۔

اب سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کے قریب ہیک کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر اکاؤٹ کراچی سے ہیک کیا گیا اور پھر کروم ڈیسک ٹاپ سے لاگ ان کیا گیا۔

سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایڈریس پاکستان میں متعلقہ اداروں کو تحقیقات کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی مذکورہ ٹویٹ میں ایک گلوکار کا ریمکس موجود تھا۔ گانے کے بول مہنگائی کی صورتحال بیان کرتے ہیں جبکہ ساتھ میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب سے ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا حصہ کاٹ کر گانے میں شامل کیا گیا ہے۔

اس ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ مہنگائی روز بہ روز بڑھ رہی ہے اور لوگوں کے لیے اس صورت حال میں چپ رہنا اور گزارا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی لکھا تھا کہ سفارت خانے کے عملے کو تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے اور وہ بچوں کی فیس نہیں دے سکے۔

ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کو بھی ٹیگ کیا گیا تھا۔ ڈیلیٹ کیے جانے کے باوجود اس ٹویٹ کے سکرین شاٹس سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔

اس ٹویٹ کے بعد سے بیشتر حلقوں میں ہل چل مچ گئی اور طرح طرح کے تبصرے سامنے آنے لگے۔

تاہم کافی دیر کے بعد ترجمان وزارت خارجہ عاصم افتخار احمد کے آفیشل اکاؤنٹ سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ سربیا میں سفارت خانے کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔  

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا: ’سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک ہوگئے ہیں۔‘

اپنے باضابطہ بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا: ’ان اکاؤنٹس سے پوسٹ کیے گئے بیانات کا سربیا میں پاکستانی سفارت خانے سے کوئی تعلق نہیں۔‘

سفارت خانے کی ٹویٹ پر بھارتی صارفین کی طرف سے بھی خاصا ردعمل دیکھنے میں آیا اور انہوں نے پاکستان مخالف ٹویٹس کے انبار لگا دیے، جس پر کچھ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی ان سے بحث و تکرار شروع ہوگئی۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے موقف کے بعد سربیا کے سفارت خانے کا اکاؤنٹ معطل ہوگیا ہے اور صارفین کی اس تک رسائی نہیں ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے سابق سفیراور تجزیہ نگار عاقل ندیم نے اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’یہ کافی حد تک مکمن ہے کہ یہ اکاؤنٹ ہیک ہوا ہو، عام طور پر سفارت خانے کا عملہ اس طرح سے پیش نہیں آتا۔ یا پھر عملے کے جونیئر رکن نے یہ حرکت کہ ہو۔‘

انہوں نے کہا: ’سربیا کے سفیر شہریار اکبر کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں اور میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔ وہ کافی سمجھدار عہدیدار ہیں اور ان سے کبھی بھی اس طرح کی بات کی امید نہیں کی جاسکتی۔‘

صحافی حمزہ اظہر سلام نے بھی ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستان کے سربیا کے سفیر شہریار اکبر خان نے ان سے بات کی اور دعویٰ کیا کہ ’سفارت خانے کے تمام عملے کی تنخواہیں دی جا چکی ہیں اور اس ٹویٹ کی وجہ اکاؤنٹ کا ہیک ہونا ہی ہے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان