شوکت ترین کا تین ارب ڈالر منتقل کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ

سعودی عرب نے اکتوبر میں وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے دوران پاکستان کو رقم اور موخر تیل کی ادائیگی کی سہولت کی صورت میں 4.2 ارب ڈالر کی اقتصادی مدد فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

2010 کی تصویر میں کراچی میں ایک صارف منی ایکسچینج  پر۔ سعودی عرب نےپاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالر کی رقم منتقل کروا دی ہے (اے ایف پی)

پاکستان کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے مشکل معاشی حالات کے دوران پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالر کی رقم منتقل کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سعودی عرب نے اکتوبر میں وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے دوران پاکستان کو رقم اور موخر تیل کی ادائیگی کی سہولت کی صورت میں 4.2 ارب ڈالر کی اقتصادی مدد فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

مملکت نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب ڈالر جمع کرنے اور ادھار پر پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر مالیت کا تیل فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

شوکت ترین نے ہفتے کو ایک ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا: ’اچھی خبر، سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر موصول ہو گئے۔ میں اس دوستانہ اقدام کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘


عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے 2019 میں ایک ایسا ہی پیکج دیتے ہوئے پاکستان کی معیشت کو اس وقت سہارا دینے کا فیصلہ کیا جب وزیر اعظم خان کی نئی حکومت کرنٹ اکاؤنٹ میں خسارے اور ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے دوچار تھی۔

پاکستان کی کرنسی اور ایکویٹی مارکیٹ میں جمعرات کو نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جب پاکستان سٹاک ایکچینج کا بینچ مارک KSE-100 انڈیکس 2134 میں پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 4.7 فیصد تک گر گیا۔ اسی دوران پاکستانی روپے کی قدر تاریخ کی نچلی ترین سطح تک گر گئی۔

تجزیہ کاروں نے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے، افراط زر کے شدید دباؤ اور شرح سود میں اضافے کو مارکیٹ کریش کی وجہ قرار دیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شوکت ترین نے گذشتہ ماہ کراچی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کرنسی کی قدر میں گراوٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت روپے کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

توقع ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بھیجے گئے تین ارب ڈالر سے ملک کو کچھ مالی مدد ملے گی حالانکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بننے کے لیے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو چھٹکارا پانے کی ضرورت ہے۔

مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر 22 ارب 498 ڈالر ہیں۔ 

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق معاہدے کے تحت سعودی عرب سے حاصل کردہ قرض کی انٹرسٹ چار فیصد ہے۔ 

اس سے ایک ہفتہ قبل ہی عالمی مالاتی ادارے اور پاکستان کے درمیان چھ ارب ڈالر کا فنڈنگ پروگرام پر اتفاق ہوا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت