پاکستان: دو ہفتوں میں اومیکرون کے 75 کیسز

پاکستانی وزارت صحت کے بیان کے مطابق کراچی میں 33، اسلام آباد میں 17 اور لاہور میں 13 کیسز سامنے آئے جبکہ 12 کیسز کا تعلق بین الاقوامی سفر کے ساتھ ہے۔

کراچی میں ایک ہیلتھ ورکر کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان کی وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں 13 دسمبر سے اب تک ملک میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے اومیکرون ویرینٹ کے 75 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

اومیکرون گذشتہ ماہ جنوبی افریقہ میں سامنے آنے کے بعد چند ہی ہفتوں میں دنیا کے تقریباً 90 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان پہلے ہی بعض ممالک کے لیے سفری پابندیاں سخت کر چکا ہے تاکہ اس ویرینٹ خطرے سے بچا جا سکے۔

پاکستانی وزارت صحت نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ ’27 دسمبر 2021 تک مجموعی طور پر اومیکرون کے 75 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کراچی میں 33، اسلام آباد میں 17 اور لاہور میں 13 کیسز سامنے آئے جبکہ 12 کیسز کا تعلق بین الاقوامی سفر کے ساتھ ہے۔‘

وزارت صحت کے مطابق اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق 13 دسمبر کو کراچی میں ہوئی تھی۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس ویرینٹ سے متاثر ہونے والے افراد کو آئیسولیشن میں رکھ کر ان کی کنٹریکٹ ٹریسنگ شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ صحت کے نظام کو بہتر بنائیں اور لوگوں کو ویکسین لگائیں تاکہ اومیکرون ویرینٹ کی وجہ سے کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کو روکا جا سکے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ وائرس میں ہونے والی تبدیلیوں کے باوجود کووڈ 19 سے بچنے کے لیے ویکسینیشن اور احتیاطی تدابیر بہترین دفاع ہیں۔

’پاکستان میں حکومت کی منظور کردہ دستیاب تمام اقسام کی ویکسین بیماری کی شدت پر قابو پانے اور ہسپتال میں داخلے کے خلاف انتہائی مؤثر ہے۔ حکومت نے ہر کسی پر زور دیا ہے کہ وہ کووڈ 19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں اوراہلیت کی شرائط کے مطابق بوسٹر ڈوز لگوائیں۔‘

اس سے قبل پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی نے پیر کو کہا تھا کہ ملک میں اب تک 15 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 68 فیصد اہل آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں مجمومی طور پر نو کروڑ 20 لاکھ 86 ہزار 806 شہریوں کو کووڈ ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دی جا چکی ہیں جب کہ چھ کروڑ 51 لاکھ 49 ہزار 948 کی مکمل ویکسینینش ہو چکی ہے۔

وبا سے نمٹنے کے لیے قائم این سی او سی اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے تین اموات ہوئیں جبکہ 291 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی صحت