عدنان ملک: انڈپینڈنٹ اردو کے ’پرسن آف دا ایئر‘

عدنان ملک نے سیالکوٹ میں اپنی زندگی کی پروا نہ کرتے ہوئے سینکڑوں بے قابو بلوائیوں سے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانے کی حتیٰ المقدور کوشش کی تھی۔ ان کی اس جانبازی کو نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں سراہا گیا۔

سیالکوٹ کے نواحی گاؤں اولکھ جٹاں کی رہائشی ملک برادری سے تعلق رکھنے والے عدنان ملک اسی فیکٹری میں ڈپٹی مینیجر ہیں، جس میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا مینیجر تھے (تصویر: عدنان ملک فیس بک اکاؤنٹ)

2021 خاصا ہنگامہ خیز سال تھا اور اس دوران سینکڑوں پاکستانیوں نے ملکی اور بین الاقوامی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

تاہم ان میں سے کون سی ایک شخصیت تھی جس کا اثر سب سے زیادہ رہا اور جسے دنیا کے دیگر حصوں میں بھی تسلیم کیا گیا؟

انڈپینڈنٹ اردو کے ایڈیٹوریل بورڈ نے اس سلسلے میں پہلے مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 12 ناموں پر مشتمل ایک ابتدائی فہرست مرتب کی گئی، جس کے بعد باقاعدہ طور پر کسی ایک شخصیت کے انتخاب کے لیے بحث مباحثہ شروع ہو گیا۔  

ایڈیٹوریل بورڈ کے ارکان کسی سیاسی الیکشن کی طرح سرگرمی سے دوسروں کو قائل کرنے کی بھی کوشش کرتے رہے اور اپنے امیدوار کے حق میں دلائل اکٹھے کرتے رہے۔ سلیکشن کے ابتدائی مرحلے میں پہلے تو بابر اعظم نے خاصی پھرتی دکھائی مگر جلد ہی ٹی 20 کرکٹ میں ان کے اوپننگ پارٹنر محمد رضوان نے کپتان کو پیچھے چھوڑ دیا۔

یاد رہے کہ بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کے کپتان ہیں۔ مجموعی طور پر 2021 میں قومی ٹیم کی کارکردگی متاثر کن رہی، خاص طور پر ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران بھارت کو دس وکٹوں کی بھاری شکست اس سال کا ’ہائی پوائنٹ‘ ثابت ہوئی، جس نے پوری قوم کو ’ایک صفحے‘ پر لا کھڑا کیا تھا۔ یہ کسی بھی ورلڈ کپ مقابلے میں پاکستان کی بھارت کے خلاف پہلی جیت تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمد رضوان پچھلے دو سال سے حیرت انگیز تسلسل سے سکور کرتے چلے جا رہے ہیں۔ 2021 میں ویسے تو رضوان ہر طرح کی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا ہی رہے ہیں، لیکن جب سے انتظامیہ نے انہیں اوپنر کھلانے کا فیصلہ کیا، ان کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئی ہیں۔

میدان میں کارکردگی کے علاوہ اپنے سادہ اور دو ٹوک انداز سے بھی رضوان نے لوگوں کو اپنا مداح بنا رکھا ہے۔ جہاں تک کارکردگی کا سوال ہے تو اس سال انہوں نے 2036 رنز بنائے، جو اب تک کا عالمی ریکارڈ ہے۔

عام طور پر رضوان کو شاہد آفریدی یا محمد آصف جیسا جارحانہ بلے باز نہیں سمجھا جاتا لیکن 2021 میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی انہی کے نام ہے۔ انہوں نے اس سال 42 چھکے لگا کر نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کا 41 چھکوں کا ریکارڈ توڑا۔

انڈپینڈنٹ اردو کے پرسن آف دی ایئر کی دوڑ میں رضوان خاصی دیر پہلے نمبر پر رہے، لیکن پھر آخر میں کسی سنسنی خیز میچ کی طرح عدنان ملک پیچھے سے آئے اور رضوان سے آگے نکل گئے۔

عدنان ملک نے سیالکوٹ میں اپنی زندگی کی پروا نہ کرتے ہوئے سینکڑوں بےقابو بلوائیوں سے سری لنکن شہری پریانتھا دیاوندانا کمارا کو بچانے کی حتیٰ المقدور کوشش کی تھی۔

ان کی اس جانبازی کو نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں سراہا گیا اور بین الاقوامی میڈیا نے بھی اسے رپورٹ کیا۔

حکومتِ پاکستان نے بھی ان کی جرات کے اعتراف میں ان کے لیے تمغۂ شجاعت کا اعلان کیا۔

سیالکوٹ کے نواحی گاؤں اولکھ جٹاں کی رہائشی ملک برادری سے تعلق رکھنے والے عدنان ملک اسی فیکٹری میں ڈپٹی مینیجر ہیں، جس میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا مینیجر تھے۔

عدنان ملک انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے 2021 کی سب سے بااثر پاکستانی شخصیت قرار دیے گئے، جس پر ادارہ انہیں مبارک باد پیش کرتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان