سیہون میں نئے سال کے استقبال کا منفرد انداز

سندھ کے شہر سیہون شریف میں لوگ نئے سال کا استقبال کیسے کرتے ہیں؟

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال نو بہت جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔

اس موقعے پر پاکستان میں آتش بازی، غیر قانونی طور پر ہوائی فائرنگ کے علاوہ کئی مقامات پر محفل موسیقی وغیرہ کا انعقاد ہوتا ہے۔

تاہم سندھ کے قدیم شہر سیہون کے رہائشی نئے سال کا استقبال منفرد انداز میں کرتے ہیں۔

یہاں کے لوگ سال کی آخری شب کو صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار پر جمع ہو کر ذکر و ازکار کے ساتھ سال نو کا استقبال کرتے ہیں۔

وہ اس موقعے پر اپنے، اہل خانہ، دوست احباب کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگتے ہیں جبکہ درگاہ میں مٹھائی سمیت بڑے بڑے کیک کاٹ کر زائرین میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔

اس منفرد اہتمام کو دیکھنے اور شرکت کرنے کے لیے پاکستان بھر سے لوگ آتے ہیں، جو یہاں پر عبادات کے ساتھ ساتھ اپنے بہتر مستقبل کے لیے دعائیں مانگتے ہیں۔

سیہون کے رہائشی اور اپنا کاروبار کرنے والے منظور احمد سومرو نے بتایا کہ وہ لعل شھباز قلندر کے عقیدت مند ہیں اور پچھلے بیس بائیس سال سے اسی طرح مزار پر آ کر نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔

50 سال سے زائد عمر کے منظور نے کہا کہ یہاں لنگر نیاز ہوتا ہے، خوشی اور میلے کا سماں ہوتا ہے۔

’سیہون ولیوں کا ٹھکانا ہے۔۔۔۔۔۔ 2021 میں ہمیں کافی کم خوشیاں ملیں، اب امید ہے کہ سال نو میں خوش آئیں گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

درگاہ کے سجادہ نشین کے بیٹے سید غضنفر علی شاہ نے بتایا کہ یہاں نئے سال کی شروعات درگاہ پر حاضری دینے سے ہوتی ہے۔

’زائرین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ سال کی پہلی رات اور دن مزار پر گزار کر رحمتیں سمیٹیں۔‘

انہوں نے پیغام دیا کہ نئے سال کے موقعے پر رنجشیں ختم کریں، محبتوں کے ساتھ وقت گزاریں کیونکہ نفرتیں اور رنجشیں پالنے کا کسی کے پاس وقت نہیں، محبتوں، عقیدے اور ایمان سے اپنا وقت گزرایں، یہی سب سے بہتر ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا