’کوہلی نوجوان کرکٹرز کے لیے بری مثال قائم کر رہے ہیں‘

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈی آر ایس فیصلے سے ناخوش کپتان کوہلی اور نائب کپتان کے ایل راہل کے سٹمپ مائیک میں ’شکوے‘۔

کوہلی نے سٹمپ مائیک کے قریب جا کر جس انداز میں ردعمل ظاہر کیا وہ واقعی نادانی ہے: گوتم گمبھیر (اے ایف پی)

کیپ ٹاؤن میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈین ایلگر کو ریویو پر ناٹ آؤٹ دیے جانے کے بعد بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی سمیت میزبان ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے جنوبی افریقہ کے براڈکاسٹر ’سپر سپورٹس‘ کے بارے میں بھی اپنے خدشات کا کھل کر اظہار کیا۔

کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق میچ کی آخری اننگز کے 21ویں اوور میں جنوبی افریقہ نے سیریز جیتنے کے لیے 212 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ پر 60 رنز بنائے تھے جب بھارتی گیند باز ایشون کی گیند بلے باز ایلگر کے پیڈ پر لگی اور گراؤنڈ امپائر نے اپیل کے بعد انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دے دیا۔

لیکن بلے باز کی جانب سے ریویو میں یہ فیصلہ کالعدم کر دیا گیا۔ اس پر بظاہر ناراض کوہلی سٹمپ کے پاس گئے اور مائیک میں کہا: ’اپنی ٹیم پر توجہ مرکوز کریں جب وہ گیند کو چمکا رہے ہوں۔ صرف مخالف ٹیم کو ہی نہیں بلکہ ہر کھلاڑی کو پکڑنے کی کوشش کریں۔‘

کوہلی ایسا کرنے والے واحد کھلاڑی نہیں تھے۔ ان کے فوراً بعد نائب کپتان کے ایل راہل کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا: ’یہ 11 لڑکوں کے خلاف پورا ملک کھیل رہا ہے۔‘

اور پھر ایشون نے براڈکاسٹر سے براہ راست مخطاب ہوتے ہوئے کہا: ’سپر سپورٹ آپ کو جیتنے کے بہتر طریقے تلاش کرنے چاہییں۔‘

دوسری جانب تیسرے دن کے کھیل کے بعد جب جنوبی افریقہ کے کھلاڑی لنگی نگیدی سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ڈی آر ایس پر بھروسہ کرتے ہیں تو انہوں نے سادگی سے کہا: ’جی بالکل۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ ایسا کیوں ہے تو انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’ہم نے اسے دنیا بھر میں متعدد مواقع پر استعمال ہوتے دیکھا ہے۔ یہ نظام موثر ہے۔ اسی کو ہم بطور کرکٹرز استعمال کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیکن بھارتی ٹیم اس سے متفق نہیں تھی۔

ٹیم کے بولنگ کوچ پارس مہامبرے نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا: ’ہم نے اور آپ نے یہ سب دیکھا۔ میں اس پر فیصلہ میچ ریفری پر چھوڑتا ہوں کہ وہ اس پر نظر ثانی کریں۔ میں ابھی اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ بس اب کھیل آگے بڑھنا چاہیے۔‘

ہندوستان ٹائمز کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا کہ کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوران قومی کپتان ویراٹ کوہلی کا ردعمل غیر ضروری تھا۔

گمبھیر نے سٹار سپورٹس سے بات چیت میں کہا کہ ’آپ کسی بھارتی کپتان سے اس طرح کے رد عمل کی توقع نہیں کر سکتے۔ وہ (کوہلی) آنے والے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک بری مثال قائم کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا: ’یہ واقعی برا ہے۔ کوہلی نے سٹمپ مائیک کے قریب جا کر جس انداز میں ردعمل ظاہر کیا وہ واقعی نادانی ہے۔

’یہ آپ کسی بین الاقوامی ٹیم کے کپتان سے توقع نہیں کرتے، آپ بھارتی کپتان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے کیونکہ ٹیکنالوجی آپ کے ہاتھ میں نہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ