وزیراعظم کا ایف سی، رینجرز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے ساتھ بلوچستان میں نوشکی کا دورہ کیا، جہاں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پرحال ہی میں جان لیوا حملے کیے گئے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان 19 دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم  کے خصوصی اجلاس کے افتتاح کے دوران خطاب کر رہے ہیں (اے ایف پی/ فائل)

وزیراعظم عمران خان نے منگل کو اعلان کیا کہ حکومت نیم فوجی ملیشیا فرنٹیئر کور اور رینجرز کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کرے گی۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ بلوچستان میں نوشکی کا دورہ کیا، جہاں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پرحال ہی میں جان لیوا حملے کیے گئے۔

وزیراعظم نے ہفتہ وار کابینہ کا اجلاس ملتوی کرتے ہوئے علاقے کے دورے کا فیصلہ کیا۔

نوشکی میں تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے ‏حملہ آوروں سے لڑنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا: ’میں چین میں تھا جب نوشکی حملے کی اطلاع ملی اور اسی وقت سوچ لیا تھا کہ ملک واپس آتے ساتھ ہی نوشکی جاوں گا، اپنے جوانوں سے ملوں گا اور ان سے کہوں گا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

فرنٹیئر کور اور پاکستان رینجرز کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جو خاص طور پر بلوچستان میں ترقی کی رفتار کو روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا: ’صرف میں ہی نہیں پوری قوم ہمارے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ وہ بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے بارے میں سن کر حیران ہوئے ہیں اور حملہ آوروں کے خلاف لڑنے  والے اپنے فوجیوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں جنگ کے بعد کسی اور فوج کو دہشت گردی کی کارروائیوں کی وجہ سے درپیش بے مثال چیلنجز کا سامنا اس طرح نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے میں مدد کی۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ پاکستان دہشت گردی کو شکست دے گا کیونکہ فوج نے لڑ کر ملک اورقوم کو محفوظ رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس طرح کے سکیورٹی مسائل سے پاکستان کی فوج نمٹتی ہے اس کی مثال بھارت اور دنیا کہیں بھی نہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنے فنڈز تحریک انصاف کی حکومت نے بلوچستان میں لگائے ہیں، اتنے پچھلی حکومتوں نے نہیں لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ‏تمام سیکٹرز سے کہتا ہوں کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں اور ان کو احساس ہے کہ تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے۔

وزیراعظم کے مطابق دنیا بھر میں مہنگائی عروج پر ہے اور جب بھی معاشی حالات بہتر ہوتے ہیں تو پسماندہ علاقوں میں بہتری لائیں گے۔

پاکستان میں حالیہ دنوں میں شدت پسندی کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ دو فروری کی شب حملہ آوروں نے بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز پر حملے کیے، جس کی جوابی کارروائیوں میں 13 حملہ آور مارے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

5 فروری کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ ’پنجگور اور نوشکی میں آپریشن کے دوران 20 دہشت گرد مارے گئے اور سیکورٹی فورسز نے آج کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔‘

بیان کے مطابق: ’دہشت گردوں نے دو فروری کی شام نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملہ کیا۔ دونوں مقامات پر پاکستان فوج کی فوری جوابی کارروائی کے ذریعے دونوں حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے نیز فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت چار فوجی جان سے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آپریشن میں تمام محصور دہشت گرد مارے گئے کیونکہ وہ ہتھیار نہیں ڈال رہے تھے، پنجگور میں 72 گھنٹے جاری رہنے والے فالو اپ آپریشن کے دوران جے سی او سمیت پانچ فوجی جان سے گئے چھ فوجی زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق ’ان حملوں سے منسلک تین دہشت گرد بھی کل مارے گئے تھے۔‘

اس وقت وزیراعظم چین کے دورے پر تھے اور انہوں  نے اپنے بیان میں سکیورٹی فورسز کو خیراج تحسین پیش کیا۔ 

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم پنجگور اور نوشکی پر حملہ روکنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ’قوم ہماری حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والی سکیورٹی فورسز کے پیچھے متحد ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان