بالی وڈ کے معروف موسیقار بپی لہری 69 برس کی عمر میں چل بسے

بپی لہری کا اصل نام الوکیش تھا۔ موسیقار کے علاوہ بپی لہری مختصر وقت کے لیے سیاست میں بھی آئے اور انہوں نے سال 2014 میں بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن انہیں الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا

بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت کے معروف موسیقار بپی لہری 69 سال کی عمر میں ممبئی کے ایک ہسپتال میں چل بسے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بپی لہری صحت کے مسائل کے باعث ایک ماہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

کریٹی کیئر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دیپک نمجوشی کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’جب بپی لہری کو ہسپتال لایا گیا تو وہ صحت کے کئی مسائل سے دوچار تھے۔ سوموار کو انہیں ہسپتال سے برخاست کیا گیا تھا لیکن منگل کو ان کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے ڈاکٹرز کو بلایا جس کے بعد انہیں دوبارہ ہسپتال لایا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔‘

1980 اور 1990 کی دہائی میں بپی لہری کو بھارتی فلم انڈسٹری کا سب سے معتبر موسیقار مانا جاتا تھا اور وہ بھارتی فلموں میں ڈسکو موسیقی متعارف کروانے والے موسیقار تھے۔ ان کی مشہور فلموں میں ڈسکو ڈانسر، ڈانس ڈانس، چلتے چلتے اور نمک حلال شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بالی وڈ کے علاوہ بپی لہری نے بنگالی سینیما کے لیے بھی کافی کام کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے کمپوز کردہ کئی گانے بھی گائے جن میں پیار بنا چین کہاں اور کوئی یہاں ناچے ناچے شامل ہیں۔

انہیں فلمی حلقوں میں ’بپی دا‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔

ان کی شخصیت کی خاص پہچان ان کی سونے کی چین اور دھوپ والے چشمے تھے۔

بپی لہری کا اصل نام الوکیش تھا۔ موسیقار کے علاوہ بپی لہری مختصر وقت کے لیے سیاست میں بھی آئے اور انہوں نے سال 2014 میں بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن انہیں الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق بپی لہری کی وفات پر بھارتی اداکار اجے دیوگن نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بپی دا ایک پیارے انسان تھے لیکن ان کی موسیقی کاٹ دار تھی۔ انہوں نے ہندی فلموں کو موسیقی کی نئی نوع سے متعارف کروایا۔‘

ہدایت کار مدھر بھنڈارکر نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’تجربہ کار موسیقار بپی دا کی وفات کا سن کر صدمہ ہوا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ فلم اندو سرکار میں ان کے ساتھ گانے کا موقع ملا۔‘

یہ خبر اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی