فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں توسیع شدہ لنکن کارنر کا افتتاح

2008 میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں قائم یہ لنکن کارنر پاکستان میں قائم ابتدائی چند کارنرز میں سے ایک ہے۔

منسٹر قونصلر برائے اُمور عامہ  ریمنڈ کاسٹیلو اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر صائمہ حمید  لنکن کارنر کے انتظام و انصرام سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر رہے ہیں (امریکی سفارت خانہ)

اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانہ کے منسٹر قونصلر برائے اُمور عامہ ریمنڈ کاسٹیلو نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر صائمہ حمید، طالب علموں اور اساتذہ کے ساتھ مل کر تزئین و توسیع شدہ سُوزن بی انتھونی لنکن کارنر کا افتتاح کیا۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق اس موقع پر لنکن کارنر کے انتظام و انصرام سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ 2008 میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں قائم یہ لنکن کارنر پاکستان میں قائم ابتدائی چند کارنرز میں سے ایک ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں رے کاسٹیلو نے کہا کہ یہ ریڈنگ رُوم نوجوان خواتین رہنماؤں کے لیےمعلومات کے تبادلہ کے مربوط نظام  کو توسیع دینے، مختلف ثقافتوں میں کام کرنے کی اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور امریکہ اور اس کے لوگوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا ایک غیر معمولی ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ہم امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کا پچھترواں یومِ تاسیس منا رہے ہیں، یہ لنکن کارنر دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان تعلقات بڑھانے، انہیں قریب لانے اور معلومات اور تعلیمی ذرائع تک رسائی کا ایک ذریعہ ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جدید ترین سہولتوں سے آراستہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی لنکن کارنر کتب و جرائد کا ایک جامع ذخیرہ، ڈیجیٹل انفارمیشن ریسورسز، تھری ڈی پرنٹر اور امریکہ سے متعلق تقریبات کے لیے جگہ فراہم کرتا ہے۔ حالیہ توسیع کے بعد اس جگہ میں چار گُنا اضافہ ہوا ہے جس سے  دیگر سہولیات بشمول ٹیکنالوجی، علمی ڈیٹابیسز، کتب و جرائد تک طلبہ اور محققین کی رسائی بڑھ گئی ہے۔

سُوزن بی انتھونی ریڈنگ رُوم پاکستان بھر میں موجود 19 دیگر اور دنیا بھر میں قائم چھ سو امریکن سپیسسزکا حصہ ہے۔ پاکستان میں یہ کارنرز امریکی سفارت خانہ اور ممتاز پاکستانی تعلیمی اور ثقافتی اداروں کے درمیان اشتراک کے عکاس  ہیں۔

لنکن کارنرز وسائل کے ایسے ذرائع ہیں جو نوجوان قیادت کو امریکہ سے جوڑتے ہیں۔ آن لائن اور حقیقی پروگرام عوام کی شرکت کے لیے بلاقیمت دستیاب ہیں جو کہ پاک امریکہ تعلقات کے ہمہ جہت تعلقات کا ایک ٹھوس ثبوت ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس