بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے کلگام میں کلپورہ گاؤں کے 26 سالہ مدثر رحمٰن وادی کے ان فنکاروں میں سے ایک ہیں جو ایشیائی اور بھارتی بک آف ریکارڈز میں نام درج کروا چکے ہیں۔
تاہم اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باوجود وہ کم آمدنی کی وجہ سے اپنے گھر کا خرچہ پورا کرنے سے قاصر ہیں۔
مدثر نے انگوٹھی اور ایک پتے پر خانہ کعبہ کی پینٹنگ بنا کر ریکارڈ بکس میں اپنا نام لکھوایا۔ وہ پینسل کے سیسے، پتھر اور پتے پر کعبہ کی پینٹنگ کے ساتھ ساتھ مسجد نبوی کی پینٹنگ بھی بنا چکے ہیں۔
مگر پھر بھی حکومت اور عوام کی عدم حمایت کی وجہ سے مدثر قابل رحم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
مدثر کا فن سماجی مسائل پر توجہ مرکوز کرتا ہے جیسے منشیات کے استعمال، بچوں کی مزدوری اور خواتین کے ساتھ ناانصافی تاکہ ان مسائل کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جا سکے۔
ایک اور موضوع جسے وہ اپنے فن کے ذریعے پیش کرتے ہیں وہ امن ہے، جس کی ان کے خیال میں وادی میں کمی ہے۔
انہوں نے بتایا: ’میں سب سے زیادہ کشمیر سے متاثر ہوں۔ کشمیر میں امن سے متعلق بہت سے مسائل ہیں۔ اپنے فن کے ذریعے میں امن کا پیغام دینا چاہتا ہوں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ شہرت اور پذیرائی حاصل کرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے تعاون نہ ہونے کی وجہ سے وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے فن کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں۔
وہ کہتے ہیں: ’حکومت نے میرے فن کو قومی یا بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے میں میری مدد نہیں کی۔‘
مدثر کو بچپن سے ہی مصوری میں دلچسپی تھی اور انہوں نے یہ فن خود سیکھا ہے، تاہم وہ کہتے ہیں کہ اپنے فن کی رونمائی کے لیے انہیں مناسب پلیٹ فارم میسر نہیں۔