ترکی: خلا میں پہلا ’چٹ پٹا کباب‘ بھجوانے کی کوشش

ترکی کے شہر آدانا میں ایک ریستوران کے مالک نے پہلے انسان کے خلا میں پہنچنے کی 61 ویں سالگرہ منانے کے لیے ایک چٹ پٹا کباب خلا میں بھیجنے کی کوشش کی۔

پہلے انسان کے خلا میں جانے کی 61 ویں سالگرہ منفرد انداز میں منانے کے لیے ترکی کے شہر آدانا میں ایک ریستوران کے مالک نے مصالحے دار کباب خلا میں بھیجنے کی کوشش کی ہے۔

ریستوران کے مالک یاسر الدین اور ان کے عملے میں شامل دیگر افراد نے ایک سیخ کباب کو ٹرے پر رکھا، جو ایک مخصوص ڈبے سے جڑی ہوئی تھی۔ یہ اس انداز سے بنائی گئی تھی کہ انتہائی حالات کو برداشت کرسکے جو سطح زمین سے اوپر پیش آتے ہیں۔ ڈبے میں ٹریکنگ ڈیوائس اور ایک کیمرا بھی موجود تھا تاکہ عملہ کباب کی پیش قدمی کا تعاقب کرسکے۔

ڈبے اور کباب کی ٹرے کو آدانا شہر سے خلا میں لانچ کیا گیا، جسے ایک بڑے ہیلیم گیس سے بھرے غبارے کی مدد حاصل تھی۔

تین گھنٹے تک 35 سے 40 کلومیڑ کی اونچائی پر اڑتے رہنے کے بعد کباب کو اٹھائے پھرنے والا ہیلیم کا غبارہ پھٹ گیا اور ترکی کے ساحلی صوبے ہاتے کے کنارے سمندر میں گر گیا۔ یہ اڑان بھرنے والی جگہ سے 121 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔

مختصر پرواز کے بعد کباب کو کافی حد تک محفوظ حالت میں پایا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاسر الدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ مستقبل میں مزید ایک چٹ پٹا پکوان بادلوں سے اوپر بھیجنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اپنے کباب پوری دنیا میں بھیجنے کے قابل ہو جائیں۔

اقوام متحدہ نے بین الاقوامی طور پر انسان کی خلا میں پرواز کے دن کے طورپر 12 اپریل کا دن مختص کر رکھا ہے۔

اس روز یوری گاگارین کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے جو روسی خلا باز تھے اور انہوں نے 12 اپریل 1961 کو خلا میں پہلے انسان ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

خلا کا آغاز کہاں سے ہوتا ہے اس کی کوئی حد مقرر نہیں۔ لیکن تاریخی طور پر اقوام متحدہ نے زمین سے 100 کلومیٹر کی حد سے اوپر نقطہ طے کر رکھا ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جس سے اوپر عام ہوائی جہاز نہیں جا سکتے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا