جب چھت پھٹی اور مشتبہ شخص کی ٹانگیں نمودار ہو گئیں

عینی شاہد والش کے مطابق  کچھ ٹوٹنے کی آواز آئی اور پولیس نے پوچھا کہ چھت پر کون ہے۔ اوپر دیکھا تو چھت میں سے ایک پاوں نکلا اور پلاسٹر گرنے لگا۔

فائل فوٹو (اے ایف پی)

برطانیہ کے شہر راکڈیل میں ایک پارٹی میں آئے افراد حیرانی میں پڑ گئے جب چھت کا ایک حصہ گرا اور اوپر ہوا میں لٹکی ٹانگیں نمودار ہوگئیں۔

دعوت میں شامل عینی شاہد میٹی والش نے یہ پورا واقعہ اپنے فون میں عکس بند کر لیا۔

ان کے مطابق پارٹی کے دوران دروازہ بجنے کی آواز آئی اور باہر سے کسی نے اونچی آواز میں ’پولیس‘ کہا جس پر ان کے گروپ میں سے ایک بندہ غائب ہوگیا۔

 گریٹر مانچسٹر پولیس کے اہلکار گھر میں داخل ہوئے اور بتایا کہ وہ ایک مشتبہ شخص کی تلاش میں ہیں۔ کچھ ہی دیر بعد چھت سے ایک بلند چرچراہٹ کی آواز آئی۔

والش کے موبائل سے بنی ویڈیو میں وہ لمحہ ریکارڈ ہوگیا جب چھت میں اچانک ایک گڑھا بنا اور چھت کے ٹکرے اور مٹی نیچے کھڑے پولیس افسر پر آگری۔ اوپر دوچھتی میں چھپے کسی شخص کی ٹانگیں وہاں سے ہوا میں لٹکتی نظر آ رہی تھیں۔

والش نے کہا: ’ہمیں کچھ ٹوٹنے کی آواز آئی اور پولیس نے پوچھا کہ دوچھتی میں کون چھپا ہے۔ اوپر دیکھا تو چھت میں سے ایک پاوں نکلا اور پلاسٹر گرنے لگا۔ نیچے کھڑا پولیس والا بال بال بچ گیا۔‘

24 سالہ والش نے مزید کہا کہ جب پولیس اوپر گئی تو چھپا ہوا شخص ان کے ساتھ خود ہی نیچے آگیا۔ ’اور کوئی راستہ ہی نہیں تھا تو اس نے ہار ہی مان لی۔‘
’ہم سب ہنس رہے تھے۔ مجھے نہیں پتہ پولیس والوں نے اس کے بارے میں کیا سوچا۔‘

والش کے مطابق چھت سے چرچراہٹ کی آواز سننے سے کچھ دیر پہلی ہی انہوں نے ویڈیو بنانا شروع کی تھی جب دو پولیس اہلکار پارٹی میں آئے ایک اور شخص سے سوال جواب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا انہیں بالکل نہیں معلوم کہ وہ شخص جو دوچھتی میں چھپنے گیا وہ کون تھا۔ 

گریٹر مانچسٹر پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ راکڈیل میں کسی گھر پہ حملے کی شکایت موصول ہونے کے بعد اسی علاقے میں جاری ایک دعوت میں سے ایک شخص گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا: ’یکم جون رات دو بجے کے بعد پولیس اہلکاروں نے راکڈیل میں ایک گھریلو حملے کی خبر ملنے پر تفتیش کی۔ اس کے بعد ایک قریبی گھر میں سے ایک شخص گرفتار کیا گیا ہے جس پر حملہ کرنے اور ایک ریسٹریننگ آرڈر کی خلاف ورزی کرنے کا شبہ ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ