پاکستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تینوں میچوں میں شکست دے کر کلین سوئپ کر لیا ہے۔

شاداب خان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ون ڈے میں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (اے ایف پی)

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تینوں میچوں میں شکست دے کر کلین سوئپ کر لیا ہے۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے آل راؤنڈر شاداب خان کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت کامیابی حاصل کی۔

شاداب خان نے پہلے بیٹنگ میں عمدہ اننگز کھیلی اور بعد میں بولنگ میں بھی ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا۔

ان کی اس کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹاس جیت کر پاکستان نے ایک بار پھر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اسے ایک اچھا آغاز ملا اور دونوں ہی اوپنرز نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے۔

فخر زمان 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق نے سیریز میں لگاتار تیسری نصف سنچری سکور کی اور 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں سیریز میں تین نصف سنچریاں سکور کرنے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس بہتر آغاز کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں اور صرف 117 پر ہی اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ آؤٹ ہونے والوں میں بابر اعظم اور محمد رضوان بھی شامل تھے۔

تاہم اس کے بعد شاداب خان اور خوشدل شاہ نے اننگز کو سنبھالا اور سکور کو 201 تک لے گئے۔ دوسری جانب سے ایک بار پھر وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا مگر شاداب خان کریز پر نہ صرف موجود رہے بلکہ رنز بنانے کے ہر موقعے سے فائدہ بھی اٹھاتے رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاداب خان نے نصف سنچری تو سکور کی مگر اسے سنچری میں تبدیل نہ کر سکے، انہوں نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز نے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو ایک بار پھر کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور عقیل حسین واحد بلے باز تھے جنہوں نے نصف سنچری سکور کی۔

شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے شہنواز دہانی نے اپنے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔ ان کے علاوہ حسن علی اور محمد نواز نے دو، دو جبکہ شاداب خان نے چار اور محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 37ویں اوور میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان اس سیریز کو جیتنے کے بعد آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں 10ویں نمبر سے چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ