نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ’یوتھ آف وزیرستان‘ کے چار ارکان قتل

میرعلی کے پولیس اہلکار ناظیف خان نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے چار نوجوانوں کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنے ایک دوست کے گھر کھانا کھانے کے بعد واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مارے جانے والے نوجوانوں کی یہ تصویر واقعے سے کچھ دیر پہلے کی ہے (تصویر: دلاور خان وزیر)

پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں حکام کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں چار طالب علم مارے گئے ہیں جن کا تعلق یوتھ آف وزیرستان نامی ایک سماجی تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن میرعلی میں پولیس اہلکار ناظیف خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اتوار کو دن دو بجے کے قریب نامعلوم افراد نے چار نوجوانوں کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنے ایک دوست کے گھر کھانا کھانے کے بعد واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔

ناظیف خان نے بتایا کہ چاروں نوجوانوں کا تعلق یوتھ آف وزیرستان سے بتایا جاتا ہے۔ مارے جانے والے نوجوانوں میں وقار داوڑ، اسد سنید اور عماد شامل ہیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق نامعلوم افراد فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ مارے جانے والے چاروں نوجوانوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے میرعلی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

شمالی وزیرستان کے ممبر صوبائی اسمبلی اور ریلف منسٹر اقبال وزیر نے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جوانوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یقیناً یہ ایک ناقابل برداشت صدمہ ہے، دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ نوجوان ہمارے وزیرستان کا قیمتی اثاثے تھے۔ ان کی جدائی ہم سب کے لیے تکلیف دہ ہے۔‘

رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے مارے جانے والے نوجوانوں کے بارے میں کہا ہے کہ ’وہ دہشت گردی کے خلاف اور امن کے حق میں مضبوط آواز تھے۔‘

ایک بیان میں محسن داوڑ نے کہا کہ ’ریاست کے دہشت گردوں کے ساتھ جاری روابط کی قیمت ہمارے لوگوں کو اپنی جانوں سے ادا کرنا پڑ رہی ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ پیر کو ’اس بہیمانہ قتل عام اور ہمارے علاقوں میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی لہر‘ کے خلاف خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان