فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جارہے ہیں: عطا تارڑ

صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں پنجاب کے وزیر داخلہ عطا تارڑ نے کہا کہ ’ہم قانونی لوازمات پورے کریں گے اور ان کو واپس بلائیں گے اور احسن جمیل کو بھی۔ یہ 60 کروڑ کے پلاٹ کا مسئلہ ہے۔‘

پنجاب کے وزیر داخلہ عطا تارڑ اور وزیر قانون و پارلیمانی امور ملک احمد خان 3 جولائی 2022 کو لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے (فوٹو: ویڈیو سکرین گریب)

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب کے وزیر داخلہ عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں ہے لیکن ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان عرف گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔

اتوار کو لاہور میں صوبائی وزیر داخلہ عطا تارڑ اور وزیر قانون و پارلیمانی امور ملک احمد خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان کی جماعت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ ’ہم فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جا رہے ہیں۔ ہم قانونی لوازمات پورے کریں گے اور ان کو واپس بلائیں گے اور احسن جمیل کو بھی۔ یہ 60 کروڑ کے پلاٹ کا مسئلہ ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’یہ دونوں جس دن واپس آئیں گے، یہ عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنیں گے۔‘

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ’آنے والے دنوں میں گھیرا تنگ ہوگا اور پنجاب میں ایک ایک چیز کا حساب دینا ہوگا۔ فوج کے خلاف بات نہیں چلے گی۔‘

مسلم لیگ ن کی جانب سے فرح خان کی سابق خاتون اول سے دوستی اور پنجاب میں ان کے مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق فرح خان تین اپریل 2022 کو ملک چھوڑ کر دبئی جا چکی ہیں جبکہ ان کے شوہر احسن جمیل گجر ان سے پہلے ملک سے چھوڑ چکے ہیں۔ فرح ان کی دوسری بیوی ہیں جبکہ ان کے دو بچے ہیں۔

اس سے قبل صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے مختلف موقعوں پر لگائے گئے ’بیرونی سازش‘ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کو خطرہ بیرونی سازش سے نہیں بلکہ آپ کی اندرونی سازش سے ہے۔‘

ملک احمد خان نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگرعمران خان حکومت میں ہوں تو باجوہ جمہوریت پسند ہیں اور ان کے ہر کام میں تعاون کر رہے ہیں مگر جب یہ حکومت میں نہ ہوں تو تحریک عدم اعتماد کے بعد باجوہ سے شکوہ پیدا ہوا کہ آرمی چیف تھے تو میری حکومت کیوں نہ بچائی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا تنقید پر بھی تنقید کی اور کہا: ’ان کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور گھرانہ ڈاٹ کام کو کیسے فنڈز آرہے ہیں؟ ارسلان خالد ڈیجیٹل میڈیا ونگ سے کیسے غبن کرتے رہے اور کروڑوں روپے گھرانہ ڈاٹ کام اور دیگر پلیٹ فارمز اور جھوٹ پھیلانے کے لیے حکومتی فنڈز سے دیے۔‘

انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا: ’آپ نے اداروں کو برا بھلا کہا، پاکستان کی سفارت کاری کو گندا کیا، کئی ملکوں سے دہائیوں پر محیط تعلقات کو سازش بنا دیا۔‘

’جس سفیر کے خلاف آپ نے سازش کا الزام لگایا، آپ کے صدر ان کے سفیروں کو اب اسناد دیتے ہیں اور اب ان کی بیگم،  جنہیں وہ گھریلو خاتون کہتے ہیں، وہ کہتی ہیں کہ غداری کے ٹرینڈز چلاؤ۔‘

اس سے قبل پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے سربراہ ارسلان خالد کی مبینہ آڈیو بھی چلوائی گئی۔

ملک احمد خان نے کہا کہ ’آپ کو اب بتانا پڑے گا کہ ریاست پاکستان کا پیسہ آپ کے باپ کا پیسہ نہیں تھا، جسے آپ نے اپنے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لیے استعمال کیا۔‘

انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مخاطب کرکے مزید کہا: ’آپ نے پاکستان کے اداروں کے خلاف سازش کی، آپ جو بھی کر رہے ہیں، آپ برا کر رہے ہیں، پاکستانی سیاست کے لیے برا کر رہے ہیں۔‘

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی اور دیگر مثالیں دیتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا: ’کیا یہ کرپشن عمران خان کی مدد کے بغیر ہوسکتی تھی؟‘

ساتھ ہی انہوں نے پنجاب کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا: ’ہم آپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ ضمنی الیکشن نہیں، 20 حلقوں میں سے 18، 19 پر ہمارے امیدوار جیتیں گے۔‘

پی ٹی آئی کا موقف

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکمراں جماعت کے بارے میں کہا کہ ’انہوں نے ہمیشہ عمران خان کے گھر کو ٹارگٹ کیا ہے اور ذاتی زندگی پر حملے کیے ہیں۔ یہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر مارتے ہیں۔ بشری بی بی ایک گھریلو خاتون ہیں ان پر حملے کرتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ساڑھے تین سال بعد ان کے پاس صرف توشہ خانہ ہے جس میں عمران خان نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے ہیں۔ کوئی آپ کی طرح مرسیڈیزیں تو گھر نہیں لے کر گئے۔‘

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے اثاثوں کا حساب سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا ہے۔

فرخ حبیب نے مسلم لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا کہ ’یہ کہہ رہے تھے کے بنی گالا کا خرچہ سرکاری خزانے سے اٹھایا جا رہا تھا یہ کوئی رائیونڈ نہیں ہے۔‘

پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے بشری بی بی کی مبینہ آڈیو لیگ ہونے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’کل رات سے ایک آڈیو وائرل کی ہے یہ ڈیپ فیک فیک ٹیکنالوجی کے تحت ٹوٹہ فیکٹری چل رہی ہے وہ ٹھیک نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آپ لوگ ریڈ لائن کو کراس کر رہے ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست