پاکستانی فلم ’لفنگے‘ سینسر، نمائش سے انکار

وفاقی سینسر بورڈ نے عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’لفنگے‘ کو سینسر سرٹیفیکیٹ دینے سے انکار کرتے ہوئے اس فلم کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے ناموزوں قرار دیا ہے۔

فلم کے ہدایتکار عبدالخالق خان نے انڈپینڈنٹ اردو سے کہا کہ انہیں اس فیصلہ سے افسوس ہوا ہے کیونکہ ان کی فلم میں ریاست یا مذہب مخالف کوئی چیز نہیں تھی (تصویر: ٹیک ٹو)

عیدالاضحٰی پر آنے والی فلم لفنگے کو وفاقی سینسر بورڈ نے نمائش کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

وفاقی سینسر بورڈ نے عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’لفنگے‘ کو سینسر سرٹیفیکیٹ دینے سے انکار کرتے ہوئے اس فلم کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے ناموزوں قرار دیا ہے۔

سینٹرل بورڈ آف فلم سینسرز کے چیئرمین ارشد منیر نے انڈیپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ فلم ’لفنگے کے بارے میں سینسر کے وقت موجود تمام حاضر اراکین نے متفقہ طور پر فیصلہ دیا کہ یہ فلم اس قابل نہیں کہ اسے پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جاسکے۔‘

’اس فلم میں بہت فحش زبان استعمال کی گئی ہے، متعدد مقامات پر ذومعنٰی جملے اور مکالمے استعمال کیے گئے ہیں، اور کئی جگہ پر جنسیت بھرے جملے بھی ہیں، جو شائستگی اور تہذیب کے مکمل منافی ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ فلم سازوں کے پاس فُل بورڈ میں اپیل کا حق موجود ہے جسے وہ جب چاہیں استعمال کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب فلم کے ہدایتکار عبدالخالق خان نے انڈپینڈنٹ اردو سے کہا کہ انہیں اس فیصلہ سے افسوس ہوا ہے کیونکہ ان کی فلم میں ریاست یا مذہب مخالف کوئی چیز نہیں تھی۔

’یہ تو فکشن ہے، ایک کہانی ہے جسے ہم ہارر کامیڈی کہتے ہیں، تو اب سے ایسا کریں کہ ملک میں فکشن لکھنے اور بنانے پر پابندی لگادیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اگر گالیاں ہیں تو بیپ لگائی جاسکتی تھی، سین کٹ سکتے تھے، پابندی کیوں لگادی؟ وہ اسے صرف بالغوں کے لیے کا سرٹیفیکیٹ دے سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تو کہانی سنانے پر پابندی ہے اور اگر ایسا ہی کرنا ہے تو فلم کا سکرپٹ سینسر کرلیا کریں، شوٹنگ کے بعد یہ کرنا قطعی نامناسب ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس فلم کے پروڈیوسر طارق حبیب رند نے انڈیپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انہیں اس عمل سے شدید صدمہ پہنچا ہے، یہ ان کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ہے اور وہ پاکستان میں کئی فلمیں بنانے کا ارادہ رکھتے تھے تاکہ پاکستان کی فلمی صنعت کا فائدہ ہو لیکن ان کی یہ کوشش پہلے ہی مرحلے میں روک دی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک رہتے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ لائے تھے۔

سینسر بورڈ کے فیصلے کے خلاف فُل بورڈ میں جانے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ضمن میں مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستانی فلم ’لفنگے‘ کا گزشتہ دنوں ٹریلر جاری کیا گیا تھا اور اسے عید الاضحٰی پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس فلم کے مرکزی کرداروں میں سمیع خان، مانی، مبین گبول، سلیم معراج اور نازش جہانگیر ہیں۔ یہ فلم بنیادی طور پر ایک ہارر کامیڈی فلم ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم