عمران خان کا دھاندلی کا الزام، مریم نواز کی اچھے وقت کی خوشخبری

عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب میں سوال کیا کہ ’چیف الیکشن کمشنر بتاؤ کس طرح دھاندلی کر رہے ہو؟‘

عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مختلف شہروں میں پنجاب اسمبلی کے لیے 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخاب کی مہم کے سلسلے میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا ہے۔

پی پی 90 بھکر میں انتخابی جسلے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ ’ان چوروں نے دھاندلی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو ساتھ ملایا ہوا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر بتائیں کہ کتنی بار مریم نواز اور حمزہ شہباز کے پاس گئے تھے؟

’چیف الیکشن کمشنر بتاؤ کس طرح دھاندلی کر رہے ہو؟ پاکستانیو! ہوشیار ہوجاؤ۔ اب یہ چور دھاندلی کے لیے اترے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ایک مسٹر ایکس ہیں جن کو چوروں کو جتوانے کا حکم ملا ہوا ہے اور اب انہیں خبر ملی ہے کہ مسٹر ایکس نے مسٹر وائی کو ملتان پہنچا دیا ہے۔

عمران خان نے کہا: ’دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بتانا چاہتاہوں عوام الیکشن میں پھینٹی لگائیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں آپ سب نے لوٹوں کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے کہا ’میں نے آپ کی ڈیوٹی لگا دی ہے۔ آپ نے گھر گھر جانا ہے۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق: ’یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں۔ ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر ایف آئی آرز کٹ رہی ہیں۔ ان پر بھی ایف آئی آرز درج ہیں۔ ہزاروں بھی درج ہوں اور عمران خان کی جان بھی چلی جائے تو وہ چوروں کو تسلیم نہیں کریں گے۔

اُدھر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی جھنگ میں گوجرہ موڑ پر ہونے والی ریلی سے خطاب کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ’آدھے عوام کہہ رہے ہیں کہ عمران خان چور ہے۔ آدھے کہہ رہے ہیں عمران جھوٹا ہے۔ میں کہتی ہوں عمران خان چور بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے۔ سوائے فرح گوگی کے عمران نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم گلیاں، سڑکیں بنوانے اور آلو پیاز کی قیمتیں کم کرنے آئے ہیں، ہم ہسپتال اور سکولز، کالجز بنوانے آئے ہیں۔ مشکل وقت گزر گیا ، اب روز خوشخبریاں آئیں گی۔ آج شام کو شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے جا رہے ہیں۔‘

اس کے بعد جھنگ میں ایک اور انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئیندہ دو دنوں کے دوران وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔

اُدھر وزیر ہاؤس کے ٹوئٹر پیغام میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ وزیراعظم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے وزارت پیٹرولیم سے قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا مقابلہ عمران خان سے نہیں نااہلی اور مہنگائی سے ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ’جب تک آپ کی قسمت نہیں بدلے گے ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عوام اگر چاہتے ہیں مہنگائی کم ہو تو شیر کو ووٹ دیں۔‘

پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے تحریک انصاف اور ن لیگ نے انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔

ن لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت مریم نواز اور تحریک انصاف کی عمران خان خود کر رہے ہیں۔

یہ نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست