لوئر دیر: پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی کی گاڑی پر فائرنگ، چار افراد ہلاک

پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت علی کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کے بھائی اور بھتیجے سمیت چار افراد جان سے چلے گئے ہیں جبکہ ملک لیاقت کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

(تصویر: ملک لیاقت فیس بک پیج)

پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت علی کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کے بھائی اور بھتیجے سمیت چار افراد جان سے چلے گئے ہیں جبکہ ملک لیاقت کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز ضلع لوئر دیر کے تحصیل میدان کے علاقے لال قلعہ میں اس وقت پیش آیا جب ملک لیاقت اپنے آبائی علاقے گھر جا رہے تھے۔ 

لال قلعہ پولیس سٹیشن کے اہلکار نام نہ بتانے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ملک لیاقت کو گھر کےقریب ہی علاقے میں نشانہ بنایا گیا ہے اور واقعے میں اب تک ملک لیاقت کے بھائی، بھتیجا، پولیس اہلکار اور ایک لیوی اہلکار جان سے گئے ہیں۔ 

اہلکار نے بتایا ’ملک لیاقت کی حالت تشویش ناک ہے اور پہلے ان کو لال قلعہ اور اب تیمرگرہ ضلعی ہسپتال منتقل لیا گیا ہے جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔اس کے علاوہ بھی واقعے میں دیگر لوگ زخمی ہیں تاہم مصدقہ اطلاع آنے کے بعد بتایا جائے گا۔‘

پولیس اہلکار سے جب پوچھا گیا کہ یہ فائرنگ کس نوعیت کی ہے تو اس کے جواب میں اہلکار نے بتایا کہ ابھی ابتدائی اطلاعات یہی ہیں کہ ملک لیاقت کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی ہے تاہم پولیس کی جانب سے باقاعدہ تفتیش بعد میں کی جائے گی۔ 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ملک لیاقت اور ساتھیوں پر حملےکا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہیں۔

ملک لیاقت علی خان کون ہیں؟

ملک لیاقت ضلع لوئر دیر کے حلقہ پی کے 17 سے 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے رکن منتخب ہوئے ہیں اور ان کا تعلق ضلع دیر لوئر کی تحصیل میدان سے ہے۔  

لیاقت علی ضلعی ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی کے چئیر مین بھی ہیں اور ضلع دیر سے پی ٹی آئی کے سرگرم اراکین اسبملی میں شمار کیے جاتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان