ہیڈن پاکستان ٹیم کو اپنا تجربہ منتقل کرنے کے منتظر

پاکستان نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سابق آسٹریلوی بلے باز کو قومی ٹیم کا مینٹور مقرر کر دیا۔

11 نومبر 2021 کی اس تصویر میں پاکستانی ٹیم کے مینٹور میتھو ہیڈن دبئی کے سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ پریکٹس کرتے ہوئے(اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے لیے سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن کو پاکستان ٹیم کا مینٹور مقرر کر دیا۔

جمعے کو پی سی بی کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ہیڈن آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

وہ گذشتہ سال میگا ایونٹ میں بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کو شکست دینے والی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ تھے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ ہیڈن کو ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ ٹیم میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

’آسٹریلوی کنڈیشنز اور کھیل سے متعلق ان کا علم قومی کھلاڑیوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔‘

دوسری جانب ہیڈن نے کہا کہ وہ ’ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق وہ ’ون نیشن اور ون پیشن کے اس کلچر کو جوائن کرنے کے منتظر ہیں۔‘

وہ ’ایشیا کپ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کو فالو کررہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔‘

ہیڈن کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ڈریسنگ روم میں آسٹریلوی کنڈیشنز سے متعلق اپنے تمام تجربے اور علم کو منتقل کرنے کے منتظر ہیں۔

وہ 15 اکتوبر کو برزبین میں قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کھیلنے کے بعد 15 اکتوبر کو آسٹریلیا پہنچے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ