’کیریئر کی سب سے بڑی غلطی‘: ریشم کی وائرل ویڈیو پر معذرت

ریشم کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ ’ سب سے پہلے میری معذرت قبل کیجیے۔ جو کچھ بھی ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا مگر جو بھی ہوا بےدھیانی، بے خیالی میں ہوا جس کے لیے میں اپنی پوری قوم سے معافی مانگتی ہوں۔‘

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد ریشم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے اس عمل پر عوام سے معذرت کی (تصویر: سکرین گریب ٹوئٹر)

لالی وڈ اداکارہ ریشم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ مچھلیوں اور دیگر آبی حیات کے لیے پانی میں ڈبل روٹی اور گوشت کے ٹکڑے ڈال رہی تھیں۔

ویڈیو میں یہ بھی عکس بند ہوا کہ اداکارہ نے گوشت کے ٹکڑوں اور ڈبل روٹی کے ساتھ ان کے ریپرز بھی پانی میں ڈال دیے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ریشم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے اس رویے کو ماحولیاتی آلودگی میں اضافے اور آبی حیات کو لاحق مسائل کو اہم نہ سمجھنے کی وجہ قرار دیا۔

ریشم کی اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے سماجی کارکن اور اداکارہ نادیہ جمیل نے لکھا: ’یہ ظاہر کرتا ہے کہ ماحول اور جنگلی حیات کو پلاسٹک کی وجہ سے ہونے والے خطرات کے بارے میں ہماری آگاہی کتنی کم ہے۔‘

’یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ناقابل تخفیف پلاسٹک پھینکنے کو ایک سنگین جرم کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا ’یہ اچھا ہے کہ ریشم نے پلاسٹک بھی ساتھ ہی پھینک دیا، اگر کسی نے لنچ پیک کر کے گھر لے جانا ہو تو وہ لے جا سکے۔ یہ بہت سمجھداری کا کام ہے۔‘

رمشا جلال نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا: ’وہ اتنی لاپروا اور لاعلم کیسے ہو سکتی ہیں۔ کم از کم ہم پڑھے لکھے لوگوں سے تو یہ توقع نہیں رکھتے۔‘

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد ریشم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے اس عمل پر عوام سے معذرت کی۔

ریشم کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ ’ سب سے پہلے میری معذرت قبل کیجیے۔ جو کچھ بھی ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا مگر جو بھی ہوا بےدھیانی، بے خیالی میں ہوا جس کے لیے میں اپنی پوری قوم سے معافی مانگتی ہوں۔‘

’ میں ذاتی طور پر ہر قسم کی آلودگی کے خلاف ہوں۔ اپنے ملک کو آلودگی سے پاک رکھنا ہمارا قومی فرض ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’انسان ہوں، غلطیاں انسانوں سے ہو جاتی ہیں، مجھ سے بھی ہوئیں۔ میرے پورے کیریئر کی یہ سب سے بڑی غلطی تھی جسے میں قبول کرتی ہوں۔ کوشش کروں گی کہ آئندہ ایسی غلطی کبھی نہ ہو، ایک مرتبہ پھر آپ سب سے دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتی ہوں۔‘

اداکارہ ریشم کی جانب سے اس معذرت خواہانہ پیغام کو عوام کی جانب سے بہت سراہا گیا۔

ٹوئٹر صارف فوزیہ یزدانی نے ریشم کی تعریف کرتے ہوئے تحریر کیا: ’میں یہ پوسٹ ریشم کو سراہنے کے لیے لگا رہی ہوں، جن میں یہ صفات موجود ہیں۔ مسکراہٹ کے ساتھ غیرمشروط معافی مانگنا۔ یہ ثابت کرنا کہ ان میں آلودگی کے متعلق آگاہی کو سیکھنے اور سیکھے ہوئے کو بھولنے کی صلاحیت ہے۔‘

اس 45 سیکنڈ کی ویڈیو میں سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ بہت عمدہ، ریشم۔

محمد رضا بیگ نے لکھا: ’ اگر کسی کو غیر مشروط معافی مانگنا نہیں آتا وہ ریشم سے سیکھیں۔ بیشک معافی مانگنے کے لیے اعلیٰ ظرف اور بڑا دل ہونا چاہیے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ