انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان آئیں گی

ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی اس سے قبل 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے متاثرین سے ملاقات کے لیے بھی پاکستان آچکی ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی طرف سے 7 ستمبر 2010 کو جاری کردہ اس ہینڈ آؤٹ تصویر میں ہالی وڈ اداکارہ اور یو این ایچ سی آر کی خیر سگالی سفیر انجلینا جولی (درمیان) کو نوشہرہ کے ایک ریلیف کیمپ میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی/یو این ایچ سی آر/جیسن ٹینر)

ہالی وڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی خصوصی سفیر انجلینا جولی تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔

تاہم ان کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب نے 33 ملین افراد کو متاثر کیا ہے اور ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق انجلینا جولی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گی اور مستقبل میں اس طرح کے مصائب کو روکنے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کریں گی۔

انجلینا جولی اس سے قبل 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے متاثرین سے ملاقات کے لیے بھی پاکستان آچکی ہیں۔

وہ آئی آر سی کے ہنگامی رسپانس آپریشنز اور افغان پناہ گزینوں سمیت بے گھر لوگوں کی مدد کرنے والی مقامی تنظیموں کا بھی دورہ کریں گی اور پاکستانی عوام کے لیے فوری مدد کی ضرورت اور موسمیاتی تبدیلیوں، نقل مکانی اور عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے طویل مدتی حل پر روشنی ڈالیں گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی آر سی کے بیان کے مطابق انجلینا جولی اپنے دورے کے دوران اس بات کا مشاہدہ کریں گی کہ پاکستان جیسے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے اس بحران کی سب سے بڑی قیمت کس طرح ادا کر رہے ہیں، جس کے وہ ذمہ دار بھی نہیں ہیں۔

آئی آر سی کے مطابق اپنے دورے کے دوران ہالی وڈ اداکارہ اس مسئلے پر روشنی ڈالیں گی اور بین الاقوامی برادری، خاص طور پر کاربن کے اخراج میں سب سے زیادہ حصہ ڈالنے والے ممالک کو فوری مدد فراہم کرنے کی ترغیب دیں گی۔

آئی آر سی میں پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر شبنم بلوچ نے کہا: ’موسمیاتی بحران پاکستان میں زندگیوں اور مستقبل کو تباہ کر رہا ہے، خاص طور پر خواتین اور بچوں کے لیے سنگین نتائج سامنے آرہے ہیں اور ان سیلابوں کے نتیجے میں ہونے والا معاشی نقصان فوڈ سکیورٹی اور خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد میں اضافے کا باعث بنے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ہمیں فوری طور پر ان لوگوں تک پہنچنا چاہیے جنہیں فوری مدد کی ضرورت ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی کو ہمارے مستقبل کو تباہ کرنے سے روکنے کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ آنے والے مہینوں میں مزید بارشوں کی توقع ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ انجلینا جولی کے دورے سے دنیا کو بیدار ہونے اور اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان