کسی کو پاکستانی روپے سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی: اسحاق ڈار

نو منتخب وزیر خزانہ آج وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد وزارت کے دفتر آئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں آج (بدھ) میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی پاکستانی روپے کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

نو منتخب وزیر خزانہ آج وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد وزارت کے دفتر آئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

شرح سود، مہنگائی اور ڈالر کی قدر کے حوالے سے سوال کے جواب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’ملک میں بیشتر مہنگائی درآمدات کی وجہ سے ہے۔۔۔ہم مارکیٹ اکانومی میں یقین رکھتے ہیں مگر کسی کو پاکستانی کرنسی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔‘

روپے کی قدر کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جب (ڈالر کی قدر) ایک روپیہ بڑھاتے ہیں تو پاکستان پر ایک سو دس ارب روپے کا قرضہ بڑھ جاتا ہے۔ ہر چیز کا سامنا کریں گے، جس طرح ماضی میں کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’پہلے دو دن میں روپیہ بہتر ہونا شروع ہو گیا ہے، اس کی قدر بہتر ہوئی ہے جس سے قرضوں میں 12، 13 سو ارب روپے کمی ہوئی ہے۔‘

گذشتہ حکومت کی جانب سے سٹیٹ بینک کے حوالے سے کی گئی قانون سازی پر سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’دنیا بھر کے مرکزی بینک مداخلت کرتے ہیں۔۔۔اپنے ملک کے لیے مداخلت کرنا کوئی بری بات نہیں ہے مگر طریقہ کار حقیقت پسندانہ ہونا چاہیے۔

’سٹیٹ بینک قانون میں کچھ چیزیں ہیں جو کہ غیر مناسب ہیں اور جب وقت ہو گا تو انہیں بھی ٹھیک کریں گے۔‘

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت نے پونے چار سال میں معاشی تباہی پھیلائی اور یہ پانچ، چھ مہینے میں ٹھیک نہیں ہو سکتی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت